بے ایمانی سے باز رہنے کا مشورہ دینے والے مسلمان کرکٹرپر مکوں کی برسات

بائولنگ کے دوران وائیڈ گیند کی تعداد پر اختلاف ہوا، حریف کھلاڑی نے میری گردن دبوچ لی، چہرے پر مکا جڑا جس سے میں نیچے گر پڑا، چند لمحوں کیلئے حواس معطل ہوگئے:ارشد بشیر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 23 مارچ 2021 11:35

بے ایمانی سے باز رہنے کا مشورہ دینے والے مسلمان کرکٹرپر مکوں کی برسات
آکلینڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 مارچ 2021ء ) کمیونٹی میچ کے دوران مسلمان کرکٹر کو حریف پلیئرز کو بے ایمانی سے باز رہنے کا مشورہ دینا مہنگا پڑگیا۔ نیوزی لینڈ میں ایک کمیونٹی میچ کے دوران مسلمان کرکٹر کو حریف پلیئرز کو بے ایمانی سے باز رہنے کا مشورہ دینے پر مخالف کھلاڑیوں کی جانب سے ان کے چہرے پر مکے جڑے گئے، گلا گھونٹا گیا اور چند لمحوں کیلئے ان کے حواس معطل ہوگئے۔

یہ واقعہ آکلینڈ میں ایک کمیونٹی میچ کے دوران پیش آیا۔ سبربز نیولین کرکٹ کلب کی نمائندگی کرنے والے 41 سالہ ارشد بشیر کا کہنا ہے کہ بائولنگ کے دوران وائیڈ گیند کی تعداد پر اختلاف ہوا جس پر میں نے حریف ٹیم ہاوک پاکورنگا کرکٹ کلب کو کہا کہ بے ایمانی مت کرو جس پر وہاں سے ایک پلیئر آیا اور پوچھا کہ میں نے کیا کہا اور پھر دونوں ہاتھوں سے میری گردن دبوچ لی، چہرے پر زور سے مکا جڑا جس سے میں نیچے گر پڑا اور چند لمحوں کیلئے میرے حواس ہی معطل ہوگئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ہفتے کی شام مقامی ہسپتال میں گزاری اور پھر پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔ ارشد بشیر کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے کی وجہ سے وہ اس شام کو پارٹ ٹائم ٹیکسی نہیں چلاسکے جس کے باعث انہیں 200 سے 300 ڈالرز کا نقصان ہوا۔بشیر نے بتایا کہ ڈاکٹر نے انہیں کہا ہے کہ اگر وہ ابھی تک شدید سر درد کا سامنا کررہے ہیں تو وہ واپس آجائیں ، جو انہوں نے پیر کی دوپہر کرنے کا ارادہ کیا تھا کیونکہ وہ ابھی تک تکلیف میں تھے۔ ارشد بشیر نے حریف کھلاڑی کے طرز عمل کو ’ناقابل قبول‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس پر پابندی لگتی دیکھا چاہتے ہیں ۔مقامی پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔
وقت اشاعت : 23/03/2021 - 11:35:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :