ون ڈے رینکنگ، بابراعظم نے روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن سنبھال لی

پاکستانی کپتان کے 837 ریٹنگ پوائنٹس، روہت شرما 836 پوائنٹس تک محدود ہوگئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 24 مارچ 2021 14:12

ون ڈے رینکنگ، بابراعظم نے روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن سنبھال لی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 مارچ 2021ء ) قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں بھارت کے روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔ پاکستانی کپتان کے 837 ریٹنگ پوائنٹس ہیں جب کہ روہت شرما پونے میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہنے کے بعد 836 پوائنٹس تک محدود ہوگئے ہیں، بھارتی کپتان ویرات کوہلی 868 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

دریں اثناء مذکورہ بالا میچ میں جونی بیئرسٹو کیریئر کی بہترین ساتویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ کپتان ایین مورگن ایک درجے ترقی کرتے ہوئے 24 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ آل راؤنڈر بین سٹوکس بائولرز کی فہرست میں 75 ویں سے 64 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ ان کے ہم وطن کرس ووکس کی آل راؤنڈرز کی فہرست میں تیسری پوزیشن ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی اوپنر شیکھر دھون پہلے ون ڈے میں 98 رنز بنا کر 2 درجے ترقی کے ساتھ 15 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں، بھوونیشور کمار نے بھی 5 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ 20 بائولرز کی فہرست میں جگہ بنالی ۔

دوسرے میچ میں 110 رنز ناٹ آؤٹ بنانے والے ٹام لیتھم 5 درجے ترقی پاکر 30 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ میٹ ہنری 11 ویں سے 8ویں اور مچل سینٹنر 33 ویں سے 25ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں۔ بنگلہ دیش کے لئے تمیم اقبال 3 درجے ترقی کے ساتھ 19 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، محمد مٹھن 94 ویں سے 82 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
وقت اشاعت : 24/03/2021 - 14:12:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :