انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین آئندہ سال ہونے والی سیریز میں تین میچزکا اضافہ

جمعرات 25 مارچ 2021 12:14

جمیکا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2021ء) انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین آئندہ سال ہونے والی سیریز میں دو ٹی ٹونٹی اور ایک ٹیسٹ میچ کا اضافہ کردیا گیا ہے ،دونوں ٹیمیں آئندہ سال پانچ ٹی ٹونٹی اور تین ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔  ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان کیا۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم جنوری تا مارچ 2022میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی۔

ابتدائی طور پر آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق انگلش ٹیم نے ویسٹ انڈیز میں تین ٹی ٹونٹی اور دو ٹیسٹ میچ کھیلنے تھے لیکن اسے بالترتیب پانچ ٹی ٹونٹی اور تین ٹیسٹ میچ کردیا گیا ہے۔ میچوں کے مقامات کا اعلان اپریل میں کیا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز ویون رچرڈز اور انگلینڈ کے آل رائونڈر لارڈ بوتھم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ٹیسٹ سیریز کو رچرڈز بوتھم ٹرافی کا نام دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

  ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے بیان میں کہا گیا کہ یہ ٹرافی دونوں عظیم کرکٹرز کی آپس کی دوستی اور قریبی تعلقات اور باہمی احترام کو ظاہر کرتی ہے۔ قبل ازیں ویسٹ انڈین بورڈ کے صدر رکی سکیرٹ نے کہا کہ آئندہ  سال انگلینڈ کے دورہ ویسٹ انڈیز میں میچوں کی تعداد بڑھانا ویسٹ انڈیز کرکٹ اور خطے کی سیاحت اور معیشت کے لئے خوش آئندہ خبر ہے ۔ یہ سب ویسٹ انڈین اور انگلش کرکٹ بورڈ کے مابین خوشگوار تعلقات کی وجہ سے ممکن ہوا۔
وقت اشاعت : 25/03/2021 - 12:14:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :