سری لنکا نے واحد ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں انگلینڈ کو 9 رنز سے شکست دیدی

بدھ 21 مئی 2014 16:27

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21مئی 2014ء) سری لنکا نے واحد ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں انگلینڈ کو 9 رنز سے شکست دیدی ، انگلش ٹیم 184 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنزبنا سکی ، لاستھ مالنگا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ تھیسرا پریرا کو 49 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کیننگٹن، اوول، لندن میں کھیلے گئے واحد ٹی 20 میچ میں انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا سری لنکن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے ،تھیسرا پریرا نے 20 گیندوں پر 49 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں لاہیرو تھریمانے 40 اور کتھروان وتھنگے 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کی جانب سے ہیری گرونے نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز سکور کر سکی۔ اوپنر ایڈم ہیلز نے 66 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی مگر وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ روی بوپارہ نے ناٹ آؤٹ 26 اور جوز بٹلر نے 26 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے لاستھ مالنگا نے 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاانگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (آج) جمعرات کو کیننگٹن اوول، لندن میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا ون ڈے 25 مئی کو چیسٹر لی سٹریٹ میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا ون ڈے 28 مئی کو اولڈ ٹریفورڈ، مانچیسٹر، چوتھا 31 مئی کو لارڈز، لندن جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے 3 جون کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا

وقت اشاعت : 21/05/2014 - 16:27:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :