فائیو سٹار ہوٹل کیلئے تاریخی ایل سی سی اے گراؤنڈ کو قربان کرنے کی تیاری

لاہور کے قذافی سٹیڈیم کے ساتھ ہی واقع ایل سی سی اے گراؤنڈ میں اب میچز نہیں کھیلے جائیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 29 مارچ 2021 11:29

فائیو سٹار ہوٹل کیلئے تاریخی ایل سی سی اے گراؤنڈ کو قربان کرنے کی تیاری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔29 مارچ 2021ء ) لاہور میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو سکیورٹی فراہم کرنے اور شہریوں کی ٹریفک جام کی پریشانی کو دور کرنے کے لئے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ایک 1000 کمروں پر مشتمل فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر کے لئے ابتدائی طور پر 30 ملین روپے جاری کردیئے گئے ہیں۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم کے ساتھ واقع ایل سی سی اے گراؤنڈ میں اب میچز نہیں کھیلے جائیں گے بلکہ یہ اب پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کا مقام ہوگا۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سپورٹس بورڈ عدنان ارشد نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ منصوبہ تیزی سے مکمل ہوجائے گا اور میچوں کے دوران لاہور کے عوام کو سکون کا سانس ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوٹل کی تعمیر کے بعد جب میچوں کے دوران نشتر پارک کے چاروں دروازے بند کردیئے جائیں گے تو شہر کے لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ہم لاہور کے شہریوں کو ان مسائل سے نجات دلانا چاہتے ہیں، تمام غیر ملکی کھلاڑی لاہور میں قیام کے دوران اس ہوٹل میں مقیم ہوں گے۔

ابتدائی گرانٹ کے بعد ہم اس منصوبے کے لیے مشیروں کی خدمات حاصل کرنے اور دیگر بنیادی ضروریات کی چیزیں خریدنے پر کام شروع کردیں گے، امید ہے کہ کاغذی کارروائی ستمبر یا اکتوبر تک مکمل ہوجائے گی۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ نے 1980ء میں میچوں کی میزبانی شروع کی ،سپورٹس بورڈ نے اب اس میدان کو اپنے دائرہ اختیار میں لے لیا ہے۔ ایڈمن سپورٹس بورڈ جاوید چوہان نے انکشاف کیا کہ ہوٹل بین الاقوامی سطح کی بہترین سہولیات مہیا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایل سی سی اے گراؤنڈ ایک شاندار ہوٹل کی بنیاد فراہم کرے گا جو پی ایس ایل یا دیگر سیریز کے دوران لاہور کے عوام کو راحت فراہم کرے گا۔ اس ہوٹل میں سوئمنگ پول ، پارکنگ سمیت بین الاقوامی سطح کی دیگر تمام سہولیات ہوں گی، کرکٹ بورڈ اس سہولت کو سب سے زیادہ استعمال کرے گا اور جب میچز نہیں کھیلے جا رہے ہونگے تو عام لوگ ان سہولیات کا استعمال کرسکتے ہیں۔ جاوید چوہان نے کہا کہ ہم ایک اونچی عمارت تعمیر کریں گے تاکہ ہم اپنے پاس موجود جگہ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرسکیں جبکہ زمین کی خوبصورتی کو بھی برقرار رکھا جاسکے۔
وقت اشاعت : 29/03/2021 - 11:29:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :