تھیسارا پریرا نے بھی 6 گیندوں پر 6 چھکے لگا دیئے

یہ کسی بھی طرز کی کرکٹ میں کسی بھی سری لنکن بلے باز کی جانب سے ایک اوور میں 6 چھکے لگانے کا پہلا کارنامہ ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 29 مارچ 2021 18:03

تھیسارا پریرا نے بھی 6 گیندوں پر 6 چھکے لگا دیئے
کولمبو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔29 مارچ 2021ء ) آل راؤنڈر تھیسارا پریرا ایک اوور میں 6 چھکے لگانے والے سری لنکا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکن آل راؤنڈر نے ڈومیسٹک کرکٹ میں لسٹ اے میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ سری لنکن آرمی کے 31 سالہ کپتان تھیسارا پریرا نے بلوم فیلڈ کرکٹ اینڈ ایتھلیٹک کلب کے سپنر دِلہان کورے کی ایک نہ چلنے دی۔

پریرا نے جب مارنا شروع کیا توایک، دو یا تین نہیں بلکہ اوور کی تمام چھ گیندوں پر چھکے رسید کرڈالے،انہوں نے اپنی اننگز میں 13 گیندوں پر 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے شامل تھے۔ لسٹ اے کرکٹ میں تیزترین نصف سنچری کا ریکارڈ سری لنکا کے سابق آل راؤنڈر کوشلیہ ویراتنے کے پاس ہے جنہوں نے نومبر 2005ء میں راگنہ کرکٹ کلب کی جانب سے کرونگیلا یوتھ کرکٹ کلب کے خلاف محض 12 گیندوں پر 8 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری سکور کی تھی جس میں ایک ہی اوور میں پانچ چھکے بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ یہ کسی بھی طرز کی کرکٹ میں کسی بھی سری لنکن بلے باز کی جانب سے ایک اوور میں 6 چھکے لگانے کا پہلا کارنامہ ہے۔ واضح رہے کہ اس کے ساتھ ہی پریرا ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی شامل ہوگئے جس میں ان سے پہلے سر گیری سوبرز، روی شاستری، ہرشل گبز، یوراج سنگھ، روس وائٹلے، حضرت اللّٰہ زازئی، لیو کارٹر اور کیرون پولارڈ شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 29/03/2021 - 18:03:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :