امام الحق کا پاور پلے سٹرائیک ریٹ دنیا بھر کے بلے بازوں میں کم ترین

جدید کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق بائیں ہاتھ کے اوپنر کے سست سٹرائیک ریٹ پر سوالیہ نشان اٹھ گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 3 اپریل 2021 15:17

امام الحق کا پاور پلے سٹرائیک ریٹ دنیا بھر کے بلے بازوں میں کم ترین
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 اپریل 2021ء ) امام الحق کی کپتان بابر اعظم کے ساتھ 177 رنز کی اہم شراکت کی بدولت پاکستان نے پہلے ون ڈے میں پروٹیز کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔ ان کے ساتھی اوپنر فخر زمان کے8 رنز پرپوویلین لوٹنے کے بعد امام نے 80 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیلی۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق ، امام کا کردار اننگر کو مستحکم کرنا ہے اور وہ اپنا کردار بہترین طریقے سے نبھا رہے ہیں لیکن جدید کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق بائیں ہاتھ کے اوپنر کے سست سٹرائیک ریٹ پر سوالیہ نشان اٹھائے گئے ہیں۔

امام ون ڈے میں پہلے پاور پلے کو مکمل طور پر استعمال نہیں کرتے ہیں ، 2018ء کے بعد سے امام الحق انٹرنیشنل کرکٹ میں کم از کم 500 رنز سکور کرنے والے بلے بازوں میں کم ترین سٹرائیک ریٹ (66.47) سے کھیل رہے ہیں جس سے باقی اوورز میں دوسرے بلے بازوں پر بہت زیادہ دبائو پڑ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال(66.84) اور ویسٹ انڈین کے نوجوان بلے باز شائی ہوپ(67.26) کا سٹرائیک ریٹ بھی امام الحق سے صرف تھوڑا بہتر ہے۔

امام کے 2017ء میں قومی سکواڈ میں شامل ہونے پر پاکستان کرکٹ میں ہنگامہ برپا ہوا تھا کیونکہ لوگوں نے دعوی کیا تھا کہ وہ صرف اس لیے قومی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں کیوں کہ اس وقت کے چیف سلیکٹر انضمام الحق ان کے چچا تھے تاہم امام غیر معمولی بیٹنگ پرفارمنس سے ناقدین کو کسی حد تک خاموش کروانے میں کامیاب رہے۔ امام الحق پاکستان کے کامیاب بلے بازوں میں سے ایک ہیں ، انہوں نے 7 سنچریوں سمیت 52.88 کی اوسط سے 1904 رنز بنائے ہیں لیکن ان کا سٹرائیک ریٹ(80.67) عالمی کرکٹ میں دوسرے اوپننگ بلے بازوں کے مقابلے میں کم ہے۔

پاکستان کرکٹ کے لئے امام ایک بہت اچھی دریافت ہیں اور اگر وہ اسی طرح سے کھیلتے رہے تو وہ پاکستان کرکٹ تاریخ کے سب سے کامیاب اوپنرز میں سے ایک ہوں گے ، وہ پہلے ہی 7 ون ڈے سنچریاں بنا چکے ہیں جو ملکی تاریخ کی میں کسی بھی بلے باز کی جانب سے بنائی گئی 11ویں سب سے زیادہ سنچریاں ہیں اور وہ اس سے کہیں زیادہ سنچریاں سکور کرسکتے ہیں ۔
وقت اشاعت : 03/04/2021 - 15:17:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :