بھارت میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ نہ ہونے کی صورت میں متبادل پلان موجود:آئی سی سی

امید ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ پلان کے مطابق بھارت میں ہو گا، ایسا نہ ہونے کی صورت میں متبادل پلان بنالیا: عبوری سی ای او آئی سی سی جیف ایلارڈس

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 7 اپریل 2021 19:40

بھارت میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ نہ ہونے کی صورت میں متبادل پلان موجود:آئی سی سی
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 اپریل 2021ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے عبوری چیف ایگیزیکٹیو آفیسر (سی ای او) جیف ایلارڈس نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ پلان کے مطابق بھارت میں ہو گا، ایسا نہ ہونے کی صورت میں ہمارے پاس متبادل پلان بھی موجود ہیں۔ کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں صرف چھ ماہ باقی ہیں جب کہ بھارت کوویڈ-19 کی دوسری لہر سے دوچار ہے ، صرف 6 مارچ سے اب تک بھارت میں ایک لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

جیف ایلارڈس کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور سلسلے میں کام کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اپنے ایک بیان میں آئی سی سی کے سی ای او کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لئے بھارت کے وینیوز کا جائزہ جاری ہے، اگر کورونا کے کیسز بڑھنے کے باعث بھارت میں ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کا انعقاد ممکن نہیں ہوتا تو اس کے متبادل پر متحدہ عرب امارات کو رکھا گیا ہے، جہاں یہ ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ رواں سال اکتوبر اور نومبر میں ورلڈ ٹی ٹونٹی کا انعقاد بھارت میں ہوگا جو پہلے 2020ء میں آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے باعث التوا کا شکار ہوا تھا تاہم بعد ازاں اسے بھارت منتقل کیا گیا تھا تاکہ مسلسل 2 سال میں 2 آئی سی سی ایونٹس بھارت میں منعقد نہ ہوسکیں۔                                          
وقت اشاعت : 07/04/2021 - 19:40:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :