پاکستان نے تاریخ رقم کر دی، جنوبی افریقہ میں دوسری مرتبہ سیریز جیتنے والی واحد ایشیائی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا

فخر زمان کی سنچری،بابرکے94 رنز،شاہین آفریدی کے 3 شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 7 اپریل 2021 21:11

پاکستان نے تاریخ رقم کر دی، جنوبی افریقہ میں دوسری مرتبہ سیریز جیتنے والی واحد  ایشیائی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا
سنچورین (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 اپریل 2021ء ) تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میج میں پاکستان جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے شکست دیکر پروٹیز کے دیس میں 2 مرتبہ ون ڈے سیریز اپنے نام کرنے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی ہے۔ 321 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایڈن مرکرم کے ساتھ جینیمن ملان نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں نے اپنی ٹیم کو 54 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

پاکستان کو پہلی کامیابی شاہین شاہ آفریدی نے دلائی جب 18 رنز بنانے والے ایڈن مرکرم وکٹوں کے عقب میں سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔ 77 کے سکور پرکیریئر کا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے عثمان قادر نے 17 رنز بنانے والے جے جے سمٹس کو چلتا کیا۔ ملان کا ساتھ دینے کپتان ٹیمبا باووما آئے اور دونوں نے 50 رنز کی شراکت قائم کر کے سکور کو 127 تک پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

سیریز کا پہلا میچ کھیلنے والے محمد نواز نے ایک ہی اوور میں ملان(77) اور باووما(20) کو چلتا کیا۔ نواز نے چند رنز کے اضافے سے کلاسن کو بھی چلتا کرکے پاکستان پانچویں کامیابی دلا دی۔ ایندائل فلکوایو اور کائل ویرین کی جوڑی نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کیلئے 108 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔ اس مرحلے پر ایسا محسوس ہوا کہ دونوں کھلاڑی جنوبی افریقہ کو فتح دلانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں لیکن حارث رؤف نے ویرین کی اننگز کا خاتمہ کر کے میزبان ٹیم کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا، ویرین نے 3 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔

فلکوایو بھی مجموعی سکور میں 3 رنز کے اضافے سے چلتے بنے، انہوں نے بھی 54 رنز بنائے۔ بیورن ہینڈرکس صرف 1رن بنا سکے،19 رنز بنانے والے کیشو مہاراج کی وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے بکھیر دیں۔ میچ کے آخری اوور میں شاہین نے ڈیرل ڈپاویلن کو آؤٹ کرکے پاکستان کو میچ اور سیریز میں فتح سے ہمکنار کرا دیا۔ جنوبی افریقہ نے اب تک 48 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے ہیں۔

۔ سنچورین میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، پاکستانی اوپنرز نے بہترین آغاز فراہم کیا، فخر زمان اور امام الحق نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 112 رنز کی شراکت قائم کی، امام الحق 57 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اسکے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے کپتان بابراعظم کریز پر آئے اور ٹیم کے سکور کو آگے بڑھانے ہوئے 200 رنز مکمل کرائے۔

فخر زمان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے سنچری سکور کی جسکے بعد وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔سرفراز احمد کی اننگز صرف 13 رنز تک محدود رہی، وہ جے جے سمٹس کی گیند پر انہیں کیچ دے بیٹھے۔ اگلے اوور میں فہیم اشرف بھی صرف ایک بنا کر چلتے بنے۔کپتان بابراعظم نےایک مرتبہ پھر شاندار باری کھیلتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی ۔

محمد نواز بھی موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور صرف 4 رنز بنانے کے بعد ایڈن مرکرم کی دوسری وکٹ بن گئے۔آخری دو اوورز میں حسن علی اور بابراعظم نے چھکوں کی بارش کرتے ہوئے 43 رنز بنائے،حسن علی نے اننگز کے 49ویں اوور میں 4 چھکے لگا ئے جبکہ بابر نے 50ویں اوور میں دو چھکے اور ایک چوکا لگایا،اننگز کی آخری گیند پر بابر اعظم کو سنچری مکمل کرنے کیلئے 6 رنز درکار تھے لیکن چھکا مارنے کی کوشش میں وہ باؤنڈری پر کیچ ہو گئے،بابر نے 82 گیندوں پر3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 94 رنز بنائے جبکہ حسن علی نے 11 گیندوں پر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔اس سے قبل ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے کہا کہ ہمارے خیال میں صبح کے وقت میں بال سوئنگ ہوگی جس کا ہم فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ پاکستانی کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ وکٹ بہت اچھی ہے اور ہم 300 رنز سے زائد کا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا میچ بہت اہم ہے جس کیلئے ہم نے4 تبدیلیاں کی ہیں۔

واضح رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر 3 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں فخر زمان کی 193 رنز کی اننگز کے باوجود میزبان ٹیم نے 17 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز برابر کردی تھی۔ اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بابراعظم (کپتان)، سرفراز احمد، محمد رضوان، محمد نواز، عثمان قادر، فخر زمان، امام الحق، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔

جنوبی افریقی ٹیم ٹیمبا باووما (کپتان)، کیشو مہاراج، جے جے سمَٹس، بیورین ہینڈرکس، ہینرِچ کلاسین، ڈیرن ڈوپاولَن، اینڈائل فلکاوایو، کائل ویرینے، ایڈِن مرکرم، جینیمَن ملان اور لوتھو سِپاملا پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 07/04/2021 - 21:11:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :