شعیب اختر کی فخر زمان اور بابر اعظم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد

فخر کے لیے ایک کے بعد ایک سنچری، زبردست تسلسل ہے، شعیب اختر

جمعرات 8 اپریل 2021 15:29

شعیب اختر کی فخر زمان اور بابر اعظم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2021ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے جنوبی افریقا کے خلاف فخر زمان اور بابر اعظم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی ہے۔فاسٹ بائولر نے ٹیم کی سیریز میں عمدہ کھیل پیش کرنے اور کامیابی حاصل کرنے پر تعریف کی اور مبارکباد بھی دی۔سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکائونٹ پر فخر زمان کی گزشتہ روز میچ میں شاندار بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ فخر کے لیے ایک کے بعد ایک سنچری، زبردست تسلسل ہے۔

انہوں نے کپتان بابر اعظم اور سیریز میں جیت پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں کامیابی پر بابر اعظم اور سب لڑکوں کو مبارک ہو، اسی طرح آگے بڑھتے رہو۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے میچ میں بیٹنگ کرتے ہوئے فخر زمان نے 50 میچوں کی 50 اننگز میں اپنے 2 ہزار 262 رنز مکمل کیے جو پاکستان کی طرف سے کسی بھی بیٹسمین کا ریکارڈ ہے،اس سے قبل پاکستانی لیجنڈ بیٹسمین ظہیر عباس تھے جنہوں نے 50 اننگز کے دوران 2 ہزار 234 رنز بنائے تھے جس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کی گئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق اوپننگ بیٹسمین فخر زمان سات درجے ترقی کے بعد بارہویں نمبر پر آگئے ہیں۔

اس طرح ون ڈے کرکٹ میں بلے بازوں میں ویرات کوہلی کا پہلا نمبر جبکہ کپتان بابراعظم دوسرے، روہت شرما تیسرے اور راس ٹیلر کا چوتھا نمبر ہے۔پاکستان ٹیم نے بابر اعظم کی قیادت میں جنوبی افریقا کو تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں 1-2 سے شکست دی ہے۔
وقت اشاعت : 08/04/2021 - 15:29:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :