شرجیل خان پسندیدہ کرکٹرز میں سے ایک ، ان کے ساتھ بیٹنگ کرنا زبردست ہوگا: فخرزمان

ٹی ٹونٹی سیریز میں کسی بھی پوزیشن پر کھیلنے کے لیے تیار ہوں: اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 8 اپریل 2021 16:22

شرجیل خان پسندیدہ کرکٹرز میں سے ایک ، ان کے ساتھ بیٹنگ کرنا زبردست ہوگا: فخرزمان
سنچورین (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اپریل 2021ء ) بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان نے انکشاف کیا کہ شرجیل خان ان کے پسندیدہ کرکٹرز میں سے ایک ہیں اور اگر وہ دونوں مل کر بیٹنگ کرتے ہیں تو خوشی ہوگی۔ 30 سالہ فخر زمان نے ورچوئل پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ ایسی ہی عمدہ کارکردگی کی تلاش میں تھے ۔ فخر زمان کا کہنا تھا کہ شرجیل خان میرے پسندیدہ کرکٹرز میں سے ایک ہیں ، ان کے ساتھ بیٹنگ کرنا بھی خوشی کی بات ہوگی، وہ بیٹنگ کو آسان بناتے ہیں۔

فخر زمان نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد تمام کھلاڑی اچھا محسوس کر رہے ہیں۔ میں توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام ہورہا تھا اور ٹیم کو میری سخت ضرورت تھی ، میں نے اپنے آف ٹائم کے دوران سخت محنت کی اورموقع دینے پر کپتان اور سلیکٹرز کا شکرگزار ہوں ۔

(جاری ہے)

فخر زمان نے کپتان بابراعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی سے ڈریسنگ روم کے ماحول پر بہت فرق پڑتا ہے۔

بابر کی قائدانہ خصوصیات بہت اچھی ہیں اور وہ اس سے بالکل مختلف ہے جو ہم سب عام طور پر دیکھتے ہیں۔ جب آپ کا کپتان پرفارمر ہو تو ٹیم کا رویہ بھی خود بخود تبدیل ہوجاتا ہے، مجھے ان کے ساتھ بیٹنگ کرنے کا مزہ آتا ہے کیونکہ وہ چیزوں کو بہت آسان بنا دیتا ہے۔ون ڈے میں عمدہ پرفارمنس کے بعد فخر کو ٹی ٹونٹی سکواڈ میں بھی جگہ ملی ہے لیکن ابھی تک اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا کہ ٹی ٹونٹی سیریزمیں کون اوپن کرے گا کیوں کہ ماضی میں بابراعظم اور محمد رضوان نے یہ ذمہ داری سرانجام دی ہے اور اب شرجیل خان اور فخرزمان بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

فخر زمان کا کہنا ہے کہ ایک پیشہ ور کرکٹر کی حیثیت سے وہ کسی بھی پوزیشن پر کھیلنے کے لیے تیار ہیں ۔ انکے خیال میں جنوبی افریقہ کی بائونسی پچز کی وجہ سے کوئی بھی بلے باز کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کرسکتا ہے ،میری ٹیم مجھ سے جس طرح کی بیٹنگ کی توقع کرے گی میں اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔یاد رہے کہ پاکستان نے ون ڈے سیریز میں جنوبی افریقہ کو1-2 سے شکست دی اور گرین شرٹس اب 4 میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں پروٹیز کے خلاف کھیلے گی ۔
وقت اشاعت : 08/04/2021 - 16:22:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :