جنوبی افریقہ کے وائٹ بال کپتان ٹمبا باووما پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر

ہینرک کلاسن اب پروٹیز ٹیم کی کپتانی کریں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 9 اپریل 2021 11:50

جنوبی افریقہ کے وائٹ بال کپتان ٹمبا باووما پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر
سنچورین (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9اپریل 2021ء ) اپنے اہم ترین کھلاڑیوں سے محروم جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے کیوں کہ وائٹ بال کپتان ٹمبا باوما انجری کے باعث پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں اور اب پروٹیز ٹیم کی کپتانی ہینرک کلاسن کریں گے۔ جمعہ کو کرکٹ جنوبی افریقہ نے ٹویٹس کی ایک سیریز میں کہا کہ ’پروٹیز وائٹ بال کپتان ٹمبا باوما گریڈ ون ہیمسٹرنگ میں مبتلا ہونے کے بعد پاکستان کے خلاف آئندہ 4 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز سے باہر ہوگئےہیں‘۔

پروٹیز بورڈ نے اعلان کیا کہ وکٹ کیپر ہینرک کلاسن اب سیریز میں جنوبی افریقہ کی قیادت کریں گے۔
اپنے کپتان کو کھونے کے علاوہ پروٹیزٹیم نے بیٹسمین ریزا ہینڈرکس کو کھو دیا ہے جو بچے کی پیدائش کے باعث اہلیہ کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے سیریز سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کے پاس بولنگ آل راؤنڈر ڈیوین پریٹوریئس نہیں ہوں گے کیوں کہ انہیں سیریز میں حصہ لینے کے لئے میڈیکل طور پر کلیئرنس نہیں ملی ہے۔

جنوبی افریقی بورڈ نے بتایا کہ اس وقت بولر کی پسلی کے فریکچر کی بحالی پر کام جاری ہے۔
تیسرے ون ڈے سے باہر ہونے والے راسی وین ڈیر ڈوسن کے بارے میں جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ان کی فٹنس بحالی پر کام جاری ہے۔
جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے متبادل کے طور پر ٹی 20 سیریز کے لئے ون ڈے سکواڈ سے ایڈن مارکرم ، اینڈیل پہلوکیو ، ڈیرن ڈوپیولن اور ویان مولڈر کو برقرار رکھا ہے۔

حال ہی میں ختم ہونے والی ون ڈے سیریز کے وسط میں جنوبی افریقہ نے کوئنٹن ڈی کاک ، ڈیوڈ ملر ، کگیسو ربادا ، لونگی اینگیڈی اور انریچ نورٹجے کو کھویا جنہوں نے قومی ٹیم کی نمائندگی پر آئی پی ایل 2021ء میں حصہ لینے کو ترجیح دی ۔ پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز 10 اپریل کو سنچورین میں ہونا ہے۔ پاکستان ون ڈے سیریز پہلے ہی جیت چکا ہے۔
وقت اشاعت : 09/04/2021 - 11:50:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :