فیفا کپ کی میزبانی ،قطر کے بعد امریکا فیورٹ

بدھ 4 جون 2014 13:57

دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4جون 2014ء) خلیجی ریاست قطر پر2022ء میں ہونے والے عالمی کپ کی میزبانی کے حصول کے لیے اگر بدعنوانی کے الزامات ثابت ہوجاتے ہیں اور اس کو میزبانی سے محروم کردیا جاتا ہے تو پھر برطانیہ کے بْکیوں کے نزدیک امریکا ''فیورٹ'' ہے ۔برطانوی بْکی ولیم ہل نے العربیہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قطر کو اگر میزبانی سے محروم کیا جاتا ہے تو پھر امریکا سب سے زیادہ فیورٹ ہے اور اس کے بعد جنوبی کوریا ،جاپان ،آسٹریلیا اور برطانیہ کا بالترتیب نمبر ہے۔

تاہم برطانوی بکیوں کا کہنا ہے کہ فٹ بال عالمی کپ کے نئے میزبان ملک کے چناوٴ کے لیے نئی بولی کے مطالبے کے باوجود اس بات کا زیادہ امکان ہے کہ قطر ہی میزبان رہے گا۔برطانیہ کے سابق اٹارنی جنرل اور فیفا کی آزاد گورننس کمیٹی کے رکن لارڈ گولڈ اسمتھ کا کہنا ہے کہ فٹ بال کی عالمی فیڈریشن قطر کی میزبانی سے متعلق لگائے گئے الزامات کا شفاف انداز میں جواب دے۔

(جاری ہے)

اگر یہ الزامات درست ثابت ہوجاتے ہیں تو پھر قطر کی میزبانی کے فیصلے پر نظرثانی کی جانی چاہیے۔برطانیہ کی فٹ بال ایسوسی ایشن کے چئیرمین گریگ ڈائیک اور پارلیمان کے ارکان نے فیفا کے ایک سابق عہدے دار کو قطر کی جانب سے بھاری رقوم کی ادائی کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر ان الزامات کی تصدیق ہوجاتی ہے تو پھر قطر کو 2022ء میں ہونے والے عالمی کپ کی میزبانی سے محروم کردیا جائے۔

قطر کی عالمی کپ کمیٹی بدعنوانیوں کے الزامات کے تناظر میں کسی غلط روی کی تردید کرچکی ہے۔کمیٹی کے ایک ترجمان نے کہا کہ ''بِڈ کمیٹی نے فیفا کے نیلامی کے قواعد وضوابط اور ضابطہ اخلاق کی سختی سے پاسداری کی تھی اور وہ عام افراد کے درمیان کاروباری معاملات کے بارے میں بالکل آگاہ نہیں تھی۔برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلی گراف نے کچھ عرصہ قبل اپنی اشاعت میں یہ انکشاف کیا تھا کہ قطر کی ایک فرم نے فٹ بال عالمی کپ کی میزبانی کا حق حاصل کرنے کے بعد فیفا کے ایک سینیر عہدے دار کو قریباً بیس لاکھ ڈالرز کی رقم اداکی تھی۔

برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز نے رواں ہفتے افشاء ہونے والی لاکھوں ای میلز اور دستاویزات کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ قطر کی فٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق عہدے دار محمد بن ہمام نے میزبانی کے حصول کے لیے پچاس لاکھ ڈالرز کی رقم رشوت کے طور پر دی تھی۔اس انکشاف کے بعد فٹ بال کی عالمی فیڈریشن ایسوسی ایشن (فیفا) کے بعض عہدے دار اور دنیا کے اس مقبول کھیل سے وابستہ نمایاں شخصیات نے قطر کی میزبانی منسوخ کرنے اور اس کی جگہ کسی اور ملک کو منتخب کرنے کے لیے دوبارہ بولی کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

یادرہے کہ امریکا قبل ازیں بھی فٹ بال عالمی کپ کی میزبانی کرچکا ہے۔اس نے 2018ء اور 2022ء میں ہونے والے عالمی کپ مقابلوں کو اپنے ہاں منعقد کرانے کے لیے بولی میں حصہ لیا تھا لیکن وہ 2018ء کے عالمی کپ کے لیے امیدواری سے دستبردار ہوگیا تھا اور اس نے 2022ء کے عالمی کپ کی میزبانی کے لیے بولی میں حصہ لیا تھا۔اس میں آسٹریلیا ،جاپان اور جنوبی کوریا بھی شریک تھے۔

وقت اشاعت : 04/06/2014 - 13:57:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :