ٹیکنالوجی نے برطانوی وکٹ کیپر کی بےایمانی کا بھانڈا پھوڑ دیا

ہمپشائر کے وکٹ کیپر لوئیس میکمینس نے مخالف بیٹسمین حسن آزاد کو’سٹمپ آؤٹ‘ کرکے زوردار اپیل کی، ری پلے میں نظر آیا کہ وکٹ کیپر نے الٹے ہاتھ سے بیٹسمین کو سٹمپ کیا حالانکہ گیند اسکے سیدھے ہاتھ میں تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 12 اپریل 2021 13:27

ٹیکنالوجی نے برطانوی وکٹ کیپر کی بےایمانی کا بھانڈا پھوڑ دیا
لیسٹر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12اپریل 2021ء ) انگلینڈ میں کاؤنٹی چیمپئن شپ میچ کے دوران بیٹسمین کو آؤٹ کرنے کیلئے فیلڈ امپائرز کی نظروں سے بچنے والے وکٹ کیپر کی بے ایمانی کیمروں اور ٹیکنالوجی نے پکڑ لی۔ لیسٹرشائر اور ہمپشائر کے درمیان میچ میں اس وقت تنازع سامنے آیا جب ہمپشائر کے وکٹ کیپر لوئیس میکمینس نے مخالف ٹیم کے بیٹسمین حسن آزاد کو’سٹمپ آؤٹ‘ کرکے زوردار اپیل کی۔

وکٹ کیپر اور دیگر فیلڈرز کے پرزور اصرار پر سکوائر لیگ امپائر نے حسن آزاد کو آؤٹ قرار دے دیا۔ آؤٹ قرار دیئے جانے کے بعد ری پلے میں ہمپشائر کے وکٹ کیپر کی بے ایمانی کا بھانڈا پھوٹ گیا جس نے الٹے ہاتھ سے بیٹسمین کو سٹمپ کیا حالانکہ گیند ان کے سیدھے ہاتھ میں تھی۔
واقعے کے کچھ ہی دیر بعد لیسٹرشائر کے ہیڈ کوچ پال نکسن نے میچ ریفری سٹورٹ کمنگز سے بات کرکے اس معاملے پر مایوسی کا اظہار کیا جب کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ساتھ بھی اس معاملے کو اٹھا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے ہمپشائر کائونٹی کی جانب سے اس بےایمانی کو انتہائی خراب قرار دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’امید ہے کہ وکٹ کیپر اس سے سبق حاصل کرے گا، ان دنوں اس طرح کے واقعات سے بچنے کا کوئی چانس نہیں ہوتا کیونکہ کاؤنٹی کے تمام میچز آن لائن دکھائے جا رہے ہیں‘۔
واضح رہے کہ کرکٹ قوانین کے مطابق وکٹ کیپر کو بیٹسمین کو ’سٹمپ‘ آؤٹ کرنے کے لئے وہی ہاتھ وکٹوں پر مارنا ہوتا ہے جس میں اس نے گیند پکڑی ہوئی ہو۔
وقت اشاعت : 12/04/2021 - 13:27:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :