کرکٹ میں پابندی کے بعد سری سانت نے رقص شروع کر دیا

جمعہ 6 جون 2014 17:21

کرکٹ میں پابندی کے بعد سری سانت نے رقص شروع کر دیا

ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6جون 2014ء) بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر شانتاکمارن سری سانت کرکٹ میں پابندی کے بعد اب ایک نئے روپ میں اپنے مداحوں کے سامنے آنے والے ہیں۔ان کی رقص کرنے کی صلاحیت کی پہلی جھلک کرکٹ کے مداحوں نے دسمبر 2006 میں جوہانسبرگ کے میدان میں اس وقت دیکھی تھی جب جنوبی افریقی فاسٹ بولر آندرے نیل کی گیند پر چھکا مارنے کے بعد وہ پچ پر اپنا بیٹ ہلا ہلا کر ناچنے لگے تھے۔

اس واقعے کو آٹھ سال گزر چکے ہیں اور سری سانت پر سپاٹ فکسنگ کے الزام میں پابندیاں عائد ہیں اس لیے اب وہ رقص کی صلاحیت کے مظاہرے کے لیے تیار ہیں اور انھیں اس کے لیے پلیٹ فارم بھی مل گیا ہے۔سری سانت ڈانس ریئلٹی شو ”جھلک دکھلا جا“ میں بطور امیدوار شامل ہو رہے ہیں جس کا آغاز(آج)7 جون سے ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

میدان میں اور میدان کے باہر اپنی حرکتوں کی وجہ سے کرکٹ کے ’بگڑے بچے‘ کی شبیہ رکھنے والے سری سانت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ میں اس شو میں حصہ لے کر دنیا کو دکھانا چاہتا ہوں کہ انسان کو امید کا دامن ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہیے۔

میری فیملی نے مجھے سپورٹ کیا۔ میں اس شو میں اپنا سب کچھ لگا دوں گا۔سری سانت سات جون سے شروع ہونے والے ریئلٹی شو جھلک دکھلا جا میں امیدوار کے طور پر شریک ہو رہے ہیں-انھوں نے کہا کہ اس مشکل دور میں ان کی اہلیہ نے بھرپور ساتھ دیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال انھوں نے اپنی گرل فرینڈ سے شادی کی تھی۔بھارت کی جنوبی ریاست کیرالا سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر سری سانت نے بتایا کہ انھیں سکول کے زمانے سے ہی ڈانس کا شوق تھا لیکن کرکٹ میں آنے کے بعد ڈانس ان سے چھوٹ گیا-سکول کے ہی زمانے میں چھوٹ جانے والے اس شوق کو اب میں اس شو کے ذریعے پورا کروں گا۔

کوشش کروں گا کہ ہر دور میں دس میں سے دس نمبر حاصل کر سکوں۔سری سانت نے بتایا کہ شو کے پیش نظر وہ ممبئی ہی منتقل ہو گئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ امید کرتا ہوں کہ میرے برے دن گزر گئے اور اب اچھا وقت شروع ہونے والا ہے۔

وقت اشاعت : 06/06/2014 - 17:21:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :