بابراعظم نے پاکستان کی جانب سے دوسری سست ترین نصف سنچری سکور کرڈالی

قومی ٹیم کے کپتان نے 49 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 12 اپریل 2021 19:28

بابراعظم نے پاکستان کی جانب سے دوسری سست ترین نصف سنچری سکور کرڈالی
جوہانسبرگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12اپریل 2021ء ) قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے پاکستان کی جانب سے دوسری سست ترین نصف سنچری سکور کرڈالی ۔ جوہانسبرگ میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان کے ساتھ شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پچھلے میچ کے ہیرو رضوان پہلی ہی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، شرجیل خان کی اننگز بھی صرف 8 رنز تک محدود رہی۔

10 رنز پر دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابراعظم کا ساتھ دینے تجربہ کار محمد حفیظ آئے اور دونوں نے 58 رنز کی شراکت قائم کرکے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنیکی کوشش کی۔جارحانہ کھیل کی کوشش میں حفیظ 6 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنا کر چلتے بنے۔

(جاری ہے)

حیدر علی کی اننگز 12 رنز پر محیط تھی، فہیم اشرف بھی5 رنز بنا سکے۔ بابر اعظم نے نصف سنچری مکمل کی لیکن پوری اننگز کے دوران وہ جدوجہد کرتے نظر آئے اور بالآخر 50 گیندوں پر 50 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئے۔

حسن علی نے لگاتار دو چھکے لگائے لیکن تیسری کوشش میں باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔ بابراعظم کی نصف سنچری پاکستان کی جانب سے ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی دوسری سست ترین نصف سنچری تھی ، اس سے قبل شعیب خان جونیئر نے 2008ء میں زمبابوے کے خلاف میچ میں 52 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی تھی ۔میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور فخر زمان اور حارث رؤف کی جگہ شرجیل خان اور محمد حسنین کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

ٹیم مینجمنٹ کے مطابق فخر زمان الرجی کا شکار ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے ان کی جگہ شرجیل خان کو آج کے میچ میں موقع فراہم کیا گیا۔ جنوبی افریقہ نے گزشتہ میچ میں شکست کے باوجود اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ پاکستانی ٹیم میں بابراعظم(کپتان)، شرجیل خان، حیدر علی، محمد رضوان، محمد حفیظ، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور محمد حسنین شامل ہیں جب کہ جنوبی افریقی ٹیم ہنری کلاسن(کپتان)، جینمن ملان، ایڈن مرکرم، پیٹ وین بلجوئن، ویہان لوبے، جیارج لنڈے، ایندائل فلکوایو، سیسانڈا مگالا، بیورن ہینڈرکس، لیزاڈ ولیمز اور تبریز شمسی پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 12/04/2021 - 19:28:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :