پی سی بی نے عمر اکمل کی قسطوں میں جرمانہ ادا کرنے کی درخواست مسترد کردی

دائیں ہاتھ کے بلے باز 42 لاکھ 50 ہزار روپے کا جرمانہ یکمشت ادا کرکے ہی پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت بحالی پروگرام کا حصہ بن سکیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 13 اپریل 2021 14:32

پی سی بی نے عمر اکمل کی قسطوں میں جرمانہ ادا کرنے کی درخواست مسترد کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13اپریل 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹر عمر اکمل کی قسطوں میں جرمانہ ادا کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ 30 سالہ عمر اکمل نے 26 فروری کو کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت کی جانب سے عائد کردہ 42 لاکھ 50 ہزار روپے کا جرمانہ ادا کرنا ہے۔ عمر اکمل نے پی سی بی کو بتایا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے وہ ایک ساتھ مکمل جرمانہ ادا نہیں کرسکتے ہیں ۔

عمر اکمل کے فراہم کردہ شواہد کا جائزہ لینے کے بعد پی سی بی نے ان کی درخواست مسترد کردی۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز 42 لاکھ 50 ہزار روپے کا جرمانہ یکمشت ادا کرنے کے بعد ہی پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت بحالی پروگرام کا حصہ بن سکیں گے۔ یاد رکھیں کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے عمر اکمل کی 18 ماہ کی پابندی کو کم کرکے 12 ماہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل 5 سے قبل پی سی بی کی جانب سے مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے کے بعد عمر اکمل کو معطل کردیا گیا تھا۔

تحقیقات میں پی سی بی نے عمر اکمل کو قصوروار پایا اور ان پر 3 سال کی پابندی عائد کردی۔ کرکٹر نے پی سی بی کے فیصلے کے خلاف اپیل کی۔ سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر نے آزاد ایڈجوریکیٹر کی حیثیت سے اپیل پر سماعت کی اور عمر اکمل کی پابندی کو 3 سال سے کم کرکے 18 ماہ کردیا۔ عمر اکمل اس فیصلے سے مطمئن نہیں تھے اور انہوں نے کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل کردی جس کے جواب میں پی سی بی نے عمراکمل کی پابندی میں اضافے کے لئے کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے بھی مشاورت کی۔
وقت اشاعت : 13/04/2021 - 14:32:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :