جنید خان کے ویرات کوہلی کیخلاف سپیل نے مجھے سب سے زیادہ متاثر کیا:بھارتی بائولر

میں نے جنید خان کا رن اپ اختیار کیا، کوشش کی ان ‏جیسا ایکشن اپناؤں لیکن ایسا کرتے کرتے میرا اپنا ایکشن بن گیا: چیتن سکاریا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 14 اپریل 2021 13:00

جنید خان کے ویرات کوہلی کیخلاف سپیل نے مجھے سب سے زیادہ متاثر کیا:بھارتی بائولر
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14اپریل 2021ء ) بھارت کے نوجوان فاسٹ بولر کے لیے پاکستان کے جنید خان آئیڈیل بن گئے۔ انڈین پریمیئر لیگ میں راجستھان رائلرز کی نمائندگی کرنے والے چیتن سکاریا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ جنید خان کی ‏بائولنگ سے بہت متاثر ہوئے تھے۔ ایک انٹرویو میں 22 سالہ چیتن سکاریا نے کہا کہ جب 2012ء میں پاکستانی ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا تھا تو ‏جنید خان کے بائولنگ سپیل نے انہیں بہت متاثر کیا تھا۔

نوجوان پیسر کا کہنا تھا کہ اس وقت بھارتی ٹیم میں ویرات کوہلی، روہت شرما، وریندر سہواگ اور مہندرا سنگھ دھونی جیسے بیٹسمین تھے تاہم ان ‏کے خلاف جنید خان نے زبردست بائولنگ کی اور سب کو آؤٹ کیا ۔ چیتن سکاریا نے کہا کہ بس انہوں نے اسی وقت سے جنید خان کا رن اپ کو اختیار کیا اور کوشش کی ان ‏جیسا ایکشن اپناؤں لیکن ایسا کرتے کرتے میرا اپنا ایکشن بن گیا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چیتن ہندوستان کا ابھرتا ہوا تیز گیند باز ہے۔ انہوں نے سائوراشٹرا کے لئے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز 2018ء میں کیا تھا اور وہ اب تک 15 فرسٹ کلاس ، 7 لسٹ اے اور 17 ٹی ٹونٹی میچز کھیل چکے ہیں۔ واضح رہے کہ جنید خان نے چنائی کے ایم اے چدمبرم سٹیڈیم میں پہلے ون ڈے میں 9 اوورز میں 43 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ یہ پاک بھارت مقابلوں کے بہترین نئے بال سپیلز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ وہ اس سیریز کے دوران 8 وکٹیں لے کر سعید اجمل کے ساتھ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ شکار کرنے والے بائولر رہے۔
وقت اشاعت : 14/04/2021 - 13:00:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :