محمد رضوان نے تیسرا ٹی 20 میچ روزہ رکھ کر کھیلا: بابراعظم کا انکشاف

وکٹ کیپر بلے باز نے 47 گیندوں پر 73 ناٹ آئوٹ رنز سکور کیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 14 اپریل 2021 21:24

محمد رضوان نے تیسرا ٹی 20 میچ روزہ رکھ کر کھیلا: بابراعظم کا انکشاف
سنچورین (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14اپریل 2021ء ) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انکشاف کیا ہے کہ محمد رضوان نے تیسرا ٹی 20 میچ روزہ رکھ کر کھیلا ۔میچ کے بعدگفتگو کر تے ہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کی اننگز بہت اچھی تھی، ان کی وجہ سے مجھے بھی اعتماد ملا، وہ روزے کے ساتھ کھیل رہے تھے، وہ ساری ٹیم کو اکٹھا رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹونٹی میں 9 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو 108 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا اور اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب ایڈن مرکرم 31 گیندوں پر 4 چھکوں اور6 چوکوں سے مزین 63 رنز کی اننگز کھیل کرمحمد نواز کی وکٹ بنے۔

(جاری ہے)

جارج لنڈے نے بھی 11 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ، فہیم اشرف نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ جینمن ملان بھی 55 رنز بنانے کے بعد نواز کی دوسری وکٹ بن گئے۔

کپتان ہنری کلاسن اور ایندائل فلکوایو بالترتیب 15 اور 11 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ راسی وین ڈر ڈوسن نے 20 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی جسکی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز 2 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جب کہ فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو بابراعظم اور محمد رضوان نے جارحانہ بیٹنگ کرکےجنوبی افریقی باؤلرز کے چھکے چھڑا دیے۔ گزشتہ میچ میں 50 گیندوں پر 50 رنز بنانے والے قومی ٹیم کے کپتان نے اس میچ میں صرف 27 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ دوسرے اینڈ سے رضوان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 32 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ بابر نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 27 گیندوں پر نصف بنانے والے بلے باز نے اپنی دوسری نصف سنچری صرف 22 گیندوں پر بناکر ٹی20 انٹرنیشنل میں پہلی سنچری مکمل کرلی۔

بابرہدف کے تعاقب سے محض چند قدم کی دوری پر 122 رنز کی شاندار انگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے، 59 گیندوں پر کھیلی گئی اس اننگز میں 4 چھکے اور 15 چوکے شامل تھے۔ پاکستان نے 18 اوورز میں 204 کا ہدف حاصل کر لیا اور سیریز میں 1-2 کی برتری بھی حاصل کر لی۔ محمد رضوان نے 47 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے۔ بابراعظم کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، اس سے قبل سنچورین میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں تین تبدیلیاں کرتے ہوئے محمد حسنین، شرجیل خان اور عثمان قادر کو آرام کا موقع فراہم کیا ہے۔ ان تینوں کھلاڑیوں کی جگہ فخر زمان، حارث رؤف اور آصف علی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ گزشتہ میچ میں باؤلنگ کی ناکامی کے باوجود لیگ سپنر عثمان قادر کی جگہ ایک باؤلر کم کرکے آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

میچ کیلئے پاکستانی ٹیم میں بابراعظم(کپتان)، فخر زمان، حیدر علی، محمد رضوان، محمد حفیظ، آصف علی، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم ہنری کلاسن(کپتان)، جینمن ملان، ایڈن مرکرم، راسی وین ڈر ڈوسن، پیٹ وین بلجون، جیارج لنڈے، ایندائل فلکوایو، سیسانڈا مگالا، بیورن ہینڈرکس، لیزاڈ ولیمز اور تبریز شمسی پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 14/04/2021 - 21:24:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :