ملک میں امن وامان کی صورتحال ، کرکٹ کے بعد ہاکی کو بھی شدید دھچکا

منگل 10 جون 2014 15:13

دی ہیگ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جون 2014ء) کراچی ائیرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملوں کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی مقابلوں کی بحالی کو ایک بار پھر شدید دھچکا لگا ہے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول اور سیکریٹری رانا مجاہد جو ہالینڈ میں غیر ملکی ٹیموں اور ایف آئی ایچ کو پاکستان آنے کی دعوت دے رہے تھے اب انہوں نے بھی اپنے لبوں کو سی لیا ہے اور بھارتی ہاکی ٹیم کی20 جون کو پاکستان آمد پربھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

پی ایچ ایف اور ہاکی انڈیا کے درمیان معاہدہ کے تحت تین میچوں کی سیریز کے میچز کراچی‘ لاہور اور فیصل آباد میں کھیلے جانے تھے۔ ہاکی ورلڈکپ میں شریک ممالک کی ٹیم انتظامیہ اور ایف آئی ایچ کے آفیشلز میں پاکستان کے حالات زیربحث رہے۔

(جاری ہے)

ایف آئی ایچ ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر لینڈرو نیگرے جنہوں نے گزشتہ روز پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی مقابلوں کی بحالی کا عندیہ دیا تھا پاکستان کے موجودہ حالات کے باعث انہوں نے بھی اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنا شروع کردی ہے جس کے بعد لگتا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کے مقابلوں کے انعقاد کی تمام کوششیں دم توڑ گئیں ہیں۔

حملے کے باعث پولینڈ اور ارجنٹینا نے پاکستان میں ہاکی کھیلنے کو سیکیورٹی سے مشروط قراردیدیا ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ دی ہیگ میں ہونیوالے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں پاکستانی پرائم منسٹر گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ اور سیکیورٹی کے معاملات کو زیربحث لایا جائیگا۔

وقت اشاعت : 10/06/2014 - 15:13:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :