حکومت فٹبال اور فٹبال فیڈرشن کے مسائل حل کرنے کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کرتی رہے گی، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

جمعہ 16 اپریل 2021 00:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2021ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہاہے کہ حکومت فٹ بال اور فٹ بال فیڈرشن کے مسائل حل کرنے کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ فٹ بال اور کھلاڑیوں کو نقصان سے بچایاجا سکے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ایک میٹنگ کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے تمام گروپس مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے مسئلے کا مثبت حل نکالیں۔

اجلاس میں سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محسن مشتاق اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ کرنل محمد آصف زمان بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق صدر سید اشفاق حسین شاہ اور فیڈریشن کے دیگر سابق عہدیداران نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وہ عنقریب پی ایف ایف تنازعہ کے دیگر سٹیک ہولڈرز کو بھی بلا کر ان پر اس مسئلہ کو جلد از جلد مثبت طریقہ سے حل کرنے پر زور دیں گی۔

اجلاس کے دوران پی ایف ایف کے سابق صدر سید اشفاق شاہ نے اس بات سے اتفاق کیا کہ وہ جلد سے جلد پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے الیکشن چاہتے ہیں لیکن اس سے قبل ایک غیر جانبدار نارملائزیشن کمیٹی قائم کی جائے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ فیفا جلد از جلد ایک ایسی غیر جانبدارنارملائزیشن کمیٹی قائم کریگی جس میں پی ایف ایف کے تمام گروپس کو نمائندگی دیکر الیکشن کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ہم چاہتے ہیں کہ فٹ بال کے کھیل اور اس کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں کو مزید کسی نقصان سے بچایا جا سکے۔ لہذا حکومت اس سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
وقت اشاعت : 16/04/2021 - 00:15:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :