شاہین آفریدی کا ٹیم مینجمنٹ کے اصرار کے باوجود آرام کرنے سے انکار

ایک سے زائد بار ٹیم مینجمنٹ نے ریسٹ کرنے کا کہا مگر پیسر نے انکار کر دیا:ذرائع،زمبابوے سے سیریز کے چند میچز پیسرکو باہر بیٹھ کر ہی دیکھنا پڑیںگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 18 اپریل 2021 14:14

شاہین آفریدی کا ٹیم مینجمنٹ کے اصرار کے باوجود آرام کرنے سے انکار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18اپریل 2021ء ) پاکستانی ٹیم انتظامیہ پچھلے کچھ مہینوں کے دوران فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کی خواہش مند تھی لیکن انہوں نے بینچ پر بیٹھنے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے آفریدی کو ایک سے زیادہ موقعوں پر مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ کچھ میچز میں آرام کرکے اس بات کو یقینی بنا لیں کہ انہیں لگاتار کھیلنے کے باعث کسی انجری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے شاہین کو بھی جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ہوم سیریز کے دوران کرکٹ سے کچھ وقت دور ہونے کا مشورہ دیا تھا۔ حالیہ اختتام پزیر دورہ جنوبی افریقہ کے دوران شاہین آفریدی کی کارکردگی واجبی رہی جس نے ایک بار پھر ان کے ورک لوڈ مینجمنٹ پر سوالیہ نشان کھڑے کردیئے۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ سے سیریزکے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں شاہین شاہ آفریدی نے 32.33 کی بھاری اوسط سے محض 6 وکٹیں لیں،ٹی ٹونٹی سیریز میں تو ان کی کارکردگی مزید خراب ہوئی اور 4 میچز میں وہ 44.33 کی ایوریج سے صرف 3پلیئرز کو آؤٹ کر سکے،کرکٹ حلقے ان کی ایسی کارکردگی کا سبب مسلسل کرکٹ کھیلنے سے تھکاوٹ کا شکار ہونے کو قرار دے رہے ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ آفریدی زمبابوے کے خلاف آئندہ میچوں کے دوران کچھ میچز سے باہر بیٹھیں گے تاکہ انہیں آرام مل سکے۔ گزشتہ روز کی ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران بائولنگ کوچ وقار یونس نے بھی یہ اشارہ دیا تھا کہ زمبابوے کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران نوجوانوں کو موقع دیا جاسکتا ہے، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بھی اس سال کے آخر میں ہونے والا ہے اور کوچ نہیں چاہتے ہیں کہ آفریدی کو مستقبل قریب میں فٹنس مسائل کا سامنا کرنا پڑے۔
وقت اشاعت : 18/04/2021 - 14:14:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :