بابراعظم کے نمبر 1ون ڈے بلے باز بننے پر بھارتیوں کو آگ لگ گئی

’بابرکو کنگ کہنا ویرات کوہلی کی بے عزتی ، ایک کھلاڑی صرف رنز بناکر کنگ نہیں بن سکتا‘: ٹویٹر صارف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 18 اپریل 2021 21:06

بابراعظم کے نمبر 1ون ڈے بلے باز بننے پر بھارتیوں کو آگ لگ گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18اپریل 2021ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی کی جگہ پاکستانی کپتان بابراعظم کو دنیا کا بہترین بلے باز قرار دیا گیا مگر بھارتیوں کو یہ خبر ہضم نہیں ہورہی ہے۔
بابراعظم کو بہترین بلے باز قرار دیئے جانے پر بھارتی ٹویٹر صارفین اپنی خفت چھپانے اور غصے کا اظہار کرنے کیلئےآئی سی سی رینکنگ میں کیڑے نکالنے اور ویرات کوہلی کو بہترین قرار دینے کے جواز ڈھونڈنے میں مصروف نظر آرہے ہیں۔

بھارتی صارف ڈکشیا گیاوالی نے طنزیہ انداز میں بابراعظم کو مبارکبا د پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’سلو کلیپ‘۔
ایک بھارتی انجینئر ابھیشیک وشال نے آئی سی سی رینکنگ کے جواب میں اپنے دل کے پھپھولے پھوڑتے ہوئے لکھا کہ ”بابراعظم سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیموں کیخلاف اچھا کھیلتے ہیں جبکہ دیگر ٹیموں کیخلاف ناکام ہیں،میں امید کرتا ہوں وہ سمجھیں گے کہ جنوبی افریقہ کے بیشتر کھلاڑی آئی پی ایل کی وجہ سے اس سیریز کا حصہ نہیں ہیں اور اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں بابراعظم اچھی اننگز کھیل گئے‘‘۔

(جاری ہے)

ایک صارف نے آئی سی سی کی جانب سے بابراعظم کو پہلی پوزیشن دینے کے طریقے پر سوال اٹھاتے ہوئے پوائنٹس میں الجھاکر خود کو تسلی دینے کی کوشش کی کہ بابراعظم پہلی پوزیشن پر نہیں آسکتے۔ ایک اور صارف دیو دھاریا کا کہنا تھا کہ ’اس پوزیشن پر آنے کے بعد آپ کو زمبابوے کینیا، نیپال، بنگلہ دیش جیسے ملکوں کا شکریہ ادا کرنا چاہیے‘۔

ایک صاحب بابراعظم کو ’’کنگ‘‘ کہنے کیخلاف توجیح لے آئے اور فرماتے ہیں کہ ’بابرکو کنگ کہنا ویرات کوہلی کی بے عزتی ، ایک کھلاڑی صرف رنز بناکر کنگ نہیں بن سکتا، آپ بابر کو کوئی اور اچھا ٹائٹل دے دیں‘۔
کرشنا ٹھاکر ’اخلاقی مقام‘ پر فائز ہوتے ہوئے اپنے بھارتی صارفین کو مخاطب کرکے کہتے ہیں کہ ’بابراعظم کوٹرول کرنے کی ضرورت نہیں، ہمیں پتا ہےکہ دنیا کا بہترین کھلاڑی کون ہے، رینکنگ تو ہر ہفتے بدل جاتی ہے، کوہلی تو ہمیشہ کیلئے لیجنڈ بن گیا ہے‘۔

ایک اور بھارتی صارف نے کہا کہ ’پاکستانیوں کو اس بات پر اتنا جذباتی ہونے کی ضرورت نہیں ہے، بابراعظم ابھی ویرات کوہلی کی طرح میچ ونر نہیں بنا ہے، تو پرسکون رہیں کیونکہ ابھی بابر کو بہت طویل سفر طے کرنا ہے، اسے ابھی سے کنگ کہہ کر اس پر اتنا دباؤ نہ ڈالیں ورنہ وہ 50 گیندوں پر 50 رنز والا کھلاڑی بن جائیگا‘۔
ایک صاحب الگ ہی دلیل لے آئے اور کہنے لگے کہ ’پہلی پوزیشن پر آنا بڑی بات نہیں ہے اس پر برقرار رہنا بڑی بات ہے، ویرات کوہلی نے اے بی ڈی ولیئرز سے جب پہلی پوزیشن چھینی تو انہیں اس پوزیشن پر 1480 دن ہوگئے تھے، ویرات اس پوزیشن پر 1493 دن تک براجمان رہے، یہ کوئی مذاق نہیں ہے‘۔

مون سون نے کہا کہ ’بابرایک اچھا کھلاڑی ہے اور وہ دنیا کے ٹاپ 5 کھلاڑیوں میں رہنے کے قابل ہے مگر فٹنس، بیٹنگ سکلز، باڈی لینگوئج، جارح مزاجی ، ایٹی ٹیوڈ میں اس کا موازنہ ویرات کوہلی سے نہیں ہوسکتا‘۔
وقت اشاعت : 18/04/2021 - 21:06:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :