پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینز کے درمیان انڈین پریمیئر لیگ کا 17واں میچ کل کھیلاجائے گا

جمعرات 22 اپریل 2021 12:19

پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینز کے درمیان انڈین پریمیئر لیگ  کا 17واں میچ کل کھیلاجائے گا
چنائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2021ء) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) میں کل جمعہ کو ایک میچ کھیلا جائے گا، جس میں دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز اور پنجاب کنگز کی ٹیمیں ایم اے چدمبرم سٹیڈیم ، چنائی   میں نبردآزما  ہوں گی۔  دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز کی ٹیم مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما کی زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ پنجاب کنگز کی کمان لوکیش راہول سنبھالیں گے۔

آئی پی ایل لیگ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ اپنے عروج کو پہنچ چکا ہے،جس میں شائقین کرکٹ کو دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ لیگ  میں پرسوں ہفتہ کو بھی ایک ہی میچ کھیلا جائے گا۔ جس میں راجستھان رائلز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی۔

(جاری ہے)

راجستھان رائلز کی کپتانی سنجو سیمسن کریں گے جبکہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی قیادت انگلش بلے باز آئن مورگن کریں گے ۔

ٹیبل پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور راجستھان رائلز کی ٹیمیں دو، دو پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔  لیگ کے 14ویں ایڈیشن میں شامل آٹھ ٹیموں کے مابین مجموعی طور پر60  میچ کھیلے جائیں گے اور 60 میچز کے لئے چھ مقاما ت کا انتخاب کیا گیا ہے ، جن میں بنگلور،نئی دہلی، احمد آباد، ممبئی ، چنائی اور کولکتہ شامل ہیں۔ لیگ میں ممبئی انڈینز کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کے لئے کوشاں ہے  ۔

لیگ میں شامل 8 ٹیموں  میں دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز کے علاوہ دیگر ٹیموں میں چنائی  سپر کنگز، دہلی کیپیٹلز، کولکتہ نائٹ رائیڈرز ، پنجاب کنگز، راجستھان  رائلز، رائل چیلنجرز بنگلور اور سن رائزرز حیدر آباد شامل ہے۔   واضح رہے کہ ممبئی انڈینز کو سب سے زیادہ پانچ بار آئی پی ایل کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ لیگ کا فائنل میچ 30 مئی کو نریندر مودی اسٹیڈیم ، احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 22/04/2021 - 12:19:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :