روی چندری ایشون بھی آئی پی ایل سے دستبردار

لیگ کے باقی میچز نہیں کھیل سکتا، کورونا میں فیملی کی مدد کرنا چاہتا ہوں: بھارتی آف سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 26 اپریل 2021 13:12

روی چندری ایشون بھی آئی پی ایل سے دستبردار
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اپریل 2021ء ) بھارت میں کورونا کے تیزی سے بڑھتے ہوئے حملوں سے پریشان اور فیملی ممبران کے عالمی وبا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے بھارتی سپنر روی چندرن ایشون نے انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل ) کے باقی میچز کھیلنے سے معذوری ظاہر کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 34سالہ بھارتی آف سپنر روی ایشون نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’میں اس سال آئی پی ایل کے باقی میچز سے بریک لے رہا ہوں، میری فیملی اور رشتہ دار کورونا سے لڑ رہے ہیں اور میں اس مشکل گھڑی میں ان کی مدد کرنا چاہتا ہوں، دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کرنے والے روی چندرن ایشون کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر چیزیں صحیح سمت میں گئیں تو میں آئی پی ایل دوبارہ کھیلنے کے بارے میں سوچوں گا‘۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث آسٹریلوی کرکٹرز کی جانب سے آئی پی ایل چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کے اینڈریو ٹائی ،ایڈم زمپا اور کین رچرڈسن انڈین پریمیئر لیگ سے الگ ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی کرکٹرز ذاتی وجوہات کا بتا کر آئی پی ایل چھوڑ کر واپس وطن جا رہے ہیں۔یاد رہے کہ بھارت میں اتوار کو بھی تقریباً ساڑھے 3 لاکھ ریکارڈ نئے کورونا کیسز سامنے آئے۔

دارالحکومت نئی دہلی سمیت ملک بھر کے ہسپتال کورونا کے مریضوں سے بھر چکے ہیں اور ملک میں آکسیجن کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق انڈیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 69 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ ایک لاکھ 92 ہزار 300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
وقت اشاعت : 26/04/2021 - 13:12:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :