بابراعظم بھی کورونا کی تباہ کاریوں کے شکار بھارت کیلئے دعاگو

ان تباہ کن اوقات میں میری دعائیں بھارتی عوام کے ساتھ ہیں،یکجہتی کا مظاہرہ کرنے اور ملکر دعا کرنے کا وقت آگیا ہے: قومی کپتان کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 27 اپریل 2021 12:42

بابراعظم بھی کورونا کی تباہ کاریوں کے شکار بھارت کیلئے دعاگو
ہرارے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 اپریل 2021ء ) بھارت میں جاری کورونا کی تباہ کاریوں پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم بھی دعا گو ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’ان تباہ کن اوقات میں میری دعائیں بھارتی عوام کے ساتھ ہیں، بابراعظم کا کہنا تھا کہ یکجہتی کا مظاہرہ کرنے اور مل کر دعا کرنے کا وقت آگیا ہے، قومی ٹیم کے کپتان نے عوام سے کورونا ایس او پیز سختی سے عمل کرنے کی اپیل بھی کی ہے‘۔

واضح رہے کہ بھارت میں مسلسل پانچویں روز کورونا کے 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے تقریباً 3 لاکھ 53 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ایک روز کے دوران کورونا کیسز سامنے آنے کا ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے جب کہ بھارت میں اس طرح کورونا کے کل کیسز کی تعداد ایک کروڑ 70 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2800 سے زائد ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مئی کے وسط تک روزانہ کے کیسز پانچ لاکھ تک پہنچ جائیں گے، عالمی ادارہ صحت نے بھارت کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے آکسیجن سلنڈرز اور سٹاف بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
وقت اشاعت : 27/04/2021 - 12:42:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :