آئی پی ایل میں شریک غیرملکی پلیئرز پریشان، خوف بڑھنے لگا

فی الحال ڈالرز کی چمک نے انکی گھبراہٹ پر پردہ ڈال رکھا ہے،تسلی کیلئے بائیو ببل اقدامات مزید سخت ، باہر سے کھانا منگوانے پر پابندی عائد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 29 اپریل 2021 13:49

آئی پی ایل میں شریک غیرملکی پلیئرز پریشان، خوف بڑھنے لگا
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 اپریل 2021ء ) آئی پی ایل میں شریک غیرملکی پلیئرز کا خوف بڑھنے لگا ، ڈالرز کی چمک دھمک نے فی الحال ان کی گھبراہٹ پر پردہ ڈال رکھا ہے۔ انڈین پریمیئر لیگ میں سٹیڈیم کے اندر کرکٹ ہورہی ہے اور سڑکوں پر کورونا وائرس کا راج ہے، اس صورتحال میں خاص طور پر غیرملکی کھلاڑی کافی پریشان ہیں اور ان کے خوف میں مزید اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، اب تک 4 پلیئرز بھارتی ٹی ٹونٹی لیگ سے دستبردار ہوچکے ہیں جب کہ آسٹریلوی کرکٹرز اپنے ملک کی جانب سے فضائی آپریشن معطل کیے جانے کی وجہ سے بھارت میں ہی پھنس گئے ہیں لیکن اس کے باوجود فی الحال ڈالرز کی چمک دھمک نے ان کی گھبراہٹ پر پردہ ڈال رکھا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ بھی اس بات کو تسلیم کرچکی ہے کہ کچھ غیرملکی کرکٹرز کو یہ پریشانی لاحق ہے کہ وہ پورا ایونٹ کھیل بھی پاتے ہیں یا نہیں، آئی پی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہیمنگ امین کا کہنا تھا کہ ملک کی حالیہ صورتحال میں کچھ غیرملکی پلیئرز کافی پریشان ہیں، انھیں فکر لاحق ہے کہ ٹورنامنٹ ختم ہونے کے بعد کیا وہ اپنے اپنے گھروں کو واپس بھی لوٹ سکیں گے یا نہیں، ہم نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی واپسی ہماری ذمہ داری ہے، جب تک آخری پلیئر بھی اپنے گھر صحیح سلامت نہیں پہنچ جاتا ہماری لیگ ختم نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

ادھر غیرملکی کھلاڑیوں کی تسلی کیلئے بائیو سیکیور ببل کے اقدامات کو مزید سخت کردیا گیا ہے، پہلے ببل میں موجود افراد کی ٹیسٹنگ ہر 5 روز بعد ہوتی تھی لیکن اب ہر 2 دن بعد ہر شخص کا کورونا وائرس ٹیسٹ ہوگا، اسی طرح پلیئرز اور کوچنگ سٹاف پر ہوٹل کے باہر سے کھانا منگوانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، انھیں اب صرف اپنے ہوٹل کی سروس سے ہی استفادہ کرنا ہوگا۔
وقت اشاعت : 29/04/2021 - 13:49:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :