پی ایس ایل میں بھی آئی پی ایل جتنے پیسے ملتے تو انٹرنیشل کھلاڑی یہاں بھی کھیلنے آرہے ہوتے: عثمان خواجہ

لوگ اس بارے میں بات نہیں کرتے لیکن سب پیسے کا کھیل ہے: آسٹریلوی بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 30 اپریل 2021 16:51

پی ایس ایل میں بھی آئی پی ایل جتنے پیسے ملتے تو انٹرنیشل کھلاڑی یہاں بھی کھیلنے آرہے ہوتے: عثمان خواجہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30اپریل 2021ء ) اسلام آباد یونائٹڈ جوائن کرنے کے بعد عثمان خواجہ کا بڑا بیان آگیا ۔ عثمان خواجہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں، ان کا انتخاب ری پلیسمنٹ ڈرافٹ میں ہوا ۔ 34 سالہ آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ پیدائش والے ملک پاکستان میں کھیلنے کے شدت سے منتظر ہیں ،وہ جس ٹیم میں شامل ہوئے ہیں وہ ٹیم اُسی شہر کی نمائندگی کرتی ہے جہاں وہ پیدا ہوئے ، 5 برس کی عمر میں عثمان خواجہ کی فیملی اسلام آباد سے آسٹریلیا منتقل ہو گئی تھی۔

عثمان خواجہ نے کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر پی ایس ایل میں اتنے پیسے ملتے جتنے آئی پی ایل میں ملتے ہیں تو اس میں کوئی شک نہیں کہ سب انٹرنیشل کھلاڑی کھیلنے آرہے ہوتے۔

(جاری ہے)

لوگ اس بارے میں بات نہیں کرتے لیکن سب پیسے کا کھیل ہے۔ عثمان خواجہ نے اس ماہ کے شروع میں بتایا کہ جب تک میں آسٹریلیا میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہا ہوں مجھے پی ایس ایل میں کھیلنے کا موقع نہیں ملے گا، یہ میرے لیے وہاں جا کرکھیلنے کا بہترین موقع ہے،میں وہاں جاکر کھیلنا پسند کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ہندوستان ، سری لنکا ، بنگلہ دیش میں کھیل چکا ہوں لیکن میں نے کبھی بھی پاکستان میں نہیں کھیلا جہاں میں پیدا ہوا، میں اپنے گھر بھی جانا چاہوں گا جہاں سے میری فیملی نے شروعات کی تھی۔ انہوں نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپسی لانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی بھی تعریف کی ۔عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ کرانے کے لئے میرے خیال میں سخت محنت کی گئی ہے تاکہ لوگ آئیں اور کھیلیں ۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم پاکستان جا رہی ہے جبکہ آسٹریلیا کا بھی پاکستان میں کھیلنا مجھے اچھا لگے گا۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل 6 کو رواں سال 4 مارچ کو 14 میچوں کے بعد ملتوی کردیا گیا تھا۔ چھٹے ایڈیشن کے بقیہ 20 میچز یکم جون سے 20 جون تک کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 30/04/2021 - 16:51:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :