حسن علی نے شاندار کیچ پکڑ کر سب کو حیران کر دیا

کیچ کرنے کے بعد حسن علی عمران طاہر کی طرح فیلڈ میں بھاگتے رہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 2 مئی 2021 15:42

حسن علی نے شاندار کیچ پکڑ کر سب کو حیران کر دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 مئی 2021ء ) قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر حسن علی کی جانب سے زمبابوین کپتان برینڈن ٹیلر کے شاندار کیچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ میچ کے دوران گرنے والی 5ویں وکٹ زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر کی تھی۔ نعمان علی کی گیند پر برینڈن ٹیلر نے بڑا شاٹ لگانے کی کوشش کی اور بال حسن علی نے کیچ کرلی، کیچ کرنے کے بعد حسن علی عمران طاہر کی طرح فیلڈ میں بھاگتے رہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے زمبابوے کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 116 رنز سے شکست دی ہے۔ ہرارے میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم نے 426 رنز بنائے اور 250 رنز کی برتری حاصل کی جس کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم صرف 134 رنز ہی بناسکی اور یوں ایک اننگز اور 175 رنز سے جیت پاکستان کے حصے میں آئی۔

(جاری ہے)

دوسری اننگز میں زمبابوے کی جانب سے تریسائی مساکنڈا 43، کیون کاسوزا 28، کپتان برنڈن ٹیلر 29 اور وکٹ کیپر بلے باز ریجس چاکبوا 14 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ زمبابوے کی دیگر کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی نے 2، فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ٹیسٹ کے پہلے روز زمبابوے کے بلے باز پاکستانی بولرز کے آگے بے بس دکھائی دیے اور پوری ٹیم 176 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حسن علی نے 4،4 جبکہ نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن قومی ٹیم کھیل پر حاوی رہی، اوپننگ بلے باز عابد علی 60، عمران بٹ نے 91 اور اظہر علی نے 36 رنز بنائے جب کہ فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت قومی ٹیم نے دوسرے دن کے اختتام پر 6 وکٹ کے نقصان پر 374 رنز بنائے اور مہمان ٹیم پر 198 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

تیسرے دن کھیل شروع ہوا تو قومی ٹیم نے اسکور میں 52 رنز کا اضافہ کیا اور تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، فواد عالم نے 140 رنز کی اننگز کھیلی جس کے باعث قومی ٹیم پہلی اننگز میں زمبابوے کے خلاف 250 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
وقت اشاعت : 02/05/2021 - 15:42:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :