کامران اکمل نے دوسرے ٹیسٹ میں تابش خان کی شمولیت کا مطالبہ کردیا

پاکستان کو چاہئے کہ وہ فہیم اشرف، شاہین آفریدی اور حسن علی کو آرام دے اور نئے باؤلرز کو مواقع فراہم کرے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 3 مئی 2021 14:59

کامران اکمل نے دوسرے ٹیسٹ میں تابش خان کی شمولیت کا مطالبہ کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 مئی 2021ء )  وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بولر تابش خان کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کامران اکمل کا خیال ہے کہ اگر آف اسپنر ساجد خان ایک اچھے فرسٹ کلاس سیزن کے بعد ڈیبیو کر سکتے ہیں تو پھر سالوں سے تسلسل کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد تابش بھی موقع دیئے جانے کے مستحق ہیں۔

اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے کامران اکمل کا کہنا تھا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں تابش کے پاس تقریبا 600 وکٹیں ہیں، اگر ساجد خان ایک فرسٹ کلاس سیزن میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کھلاڑی بننے کے بعد ڈیبیو کر سکتے ہیں تو تابش بھی گزشتہ 12، 13 سیزنز سے کارکردگی دکھانے کے باعث زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلنے کا حقدار ہے ۔

(جاری ہے)

کامران اکمل کا کہنا تھا کہ زمبابوے کی ٹیم کے حالات دیکھتے ہوئے عبداللہ شفیق اور سعود شکیل کو بھی موقع دیا جانا چاہیئے۔

کامران اکمل کا کہنا تھا کہ زمبابوے کمزور ٹیم ہے اور پاکستان اپنی تیسرے درجے کی ٹیم کھلا کر بھی اسے شکست دے سکتا ہے، پاکستان کو چاہئے کہ وہ فہیم اشرف، شاہین آفریدی اور حسن علی کو آرام دے اور نئے باؤلرز کو مواقع فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ زاہد محمود کھیلنے کے حقدارہیں ، بیٹنگ میں سعود شکیل اور عبداللہ شفیق کو موقع دیا جانا چاہئے، اظہر علی اور اوپنرز میں سے ایک کو ان کھلاڑیوں کے لئے جگہ بنانے کے لئے آرام دیا جاسکتا ہے، یہ کھلاڑیوں کو اعتماد اور تجربہ دینے کا بہترین موقع ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے ہرارے میں ایک اننگز اور 116 رنز سے پہلا ٹیسٹ جیت کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ دوسرا ٹیسٹ اسی مقام پر 7 مئی سے شروع ہوگا۔
وقت اشاعت : 03/05/2021 - 14:59:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :