شرجیل خان فٹنس بہتر کرکے مزید خطرناک بلے باز بن سکتے ہیں :محمد یوسف

شرجیل بہترین پاور ہٹر ، پاکستانی ٹیم کو قیمتی آغاز دے سکتا ہے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 4 مئی 2021 17:05

شرجیل خان فٹنس بہتر کرکے مزید خطرناک بلے باز بن سکتے ہیں :محمد یوسف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4مئی 2021ء ) بیٹنگ لیجنڈ محمد یوسف بائیں ہاتھ کے اوپنر شرجیل خان کی بیٹنگ تکنیک کو بہتر بنانے کیلئے ان کے ساتھ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر، لاہور میں کام کر رہے ہیں۔ یوسف کا خیال ہے کہ اوپنر کو اپنی بیٹنگ کی صلاحیتوں کا بہتر استعمال کرنے کے لئے اپنی فٹنس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ محمد یوسف نے کہا کہ شرجیل خان سپاٹ فکسنگ پابندی کے دوران وزن بڑھا چکے ہیں جو ان کی بیٹنگ میں مسئلہ پیدا کررہا ہے۔

بہتر توازن ، وزن کی منتقلی اور گیند کو جسم کے قریب سے کھیلنے سے شرجیل کو سمجھدار بلے باز بننے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شرجیل ایک بہترین پاور ہٹر ہے جو پاکستانی ٹیم کو قیمتی آغاز دے سکتا ہے، ہر بلے باز کو کچھ ٹھیک ٹیوننگ اور معمولی ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت ہوتی ہے جس سے اس کے کھیل میں بہتری آسکتی ہے۔

(جاری ہے)

شرجیل خان نے محمد یوسف سے سیکھنے کے موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہتا ہیں۔

شرجیل خان کا کہنا تھا کہ ٹرینر یاسر ملک نے مجھے ایک عمدہ فٹنس پلان دیا ہے جس کی پیروی میں سبور احمد کی نگرانی میں کر رہا ہوں، اگر میری فٹنس میں بہتری آئے گی تو مجھے کامیابی ملنے کا زیادہ امکان ہوگا لہذا میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر(این ایچ پی سی) میں اپنی فٹنس اور صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی تربیت لے رہا ہوں ۔ شرجیل خان نے کہا کہ میں یوسف بھائی سے بہت کچھ سیکھ رہا ہوں۔

وہ قدموں کے استعمال اور تکنیک کے بارے میں مجھے صلاح دے رہے ہیں، میں ان سے پاور ہٹنگ کے بارے میں بھی بات کروں گا، یونس بھائی نے بھی دورہ جنوبی افریقہ کے دوران میری بہت مدد کی۔ شرجیل خان، شان مسعود ، امام الحق ، اعظم خان اور نسیم شاہ کی طرح نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں تربیت بھی حاصل کر رہے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 04/05/2021 - 17:05:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :