آئی پی ایل میں شامل سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل ہسی کورونا کا شکار

چنائی سپر کنگز کے بیٹنگ کوچ مائیکل ہسی کا دوبار کورونا ٹیسٹ کیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 5 مئی 2021 14:14

آئی پی ایل میں شامل سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل ہسی کورونا کا شکار
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 مئی 2021ء ) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شامل سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل ہسی بھی عالمی وبا کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز چنائی سپر کنگز کے بیٹنگ کوچ اور 45 سالہ سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل ہسی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک روز قبل چنائی سپر کنگز کے بائولنگ کوچ لکشمی پتی بالاجی کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد چنائی سپر کنگز کے بیٹنگ کوچ مائیکل ہسی کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا تھا اور ان کی رپورٹ مثبت آئی ، ان کے سیمپل کا دوبارہ ٹیسٹ کرایا گیا جس میں بھی ان کی رپورٹ مثبت آئی۔

خیال رہے کہ انڈین پریمیر لیگ کی بائیو سیکیور ببل میں کرونا انفیکشن پھیل جانے کے سبب آئی پی ایل کے 14ویں سیزن کو غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کیا جاچکا ہے، انڈین کرکٹ پریمیئر لیگ ملتوی ہونے سے قبل دو کھلاڑیوں میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے باعث کولکتہ نائٹ رائیڈرز اوررائل چیلنجرز کے درمیان ہونے والا میچ ملتوی کر دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

بھارتی کھلاڑیوں وارن چکروردی اور سندیپ واریئر کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے، انتظامیہ کے مطابق ورون چکرورتھی بائیو سیکیور ببل چھوڑنے کی اجازت لے کر اپنے کندھے کا سکین کرانے ہسپتال گئے تھے۔ دوسری جانب بھارت میں کرونا کیسز دو کروڑ سے بڑھ چکے ہیں، بھارت میں گزشتہ 13 روز سے کورونا کے یومیہ 3 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آ رہے ہیں جس کے باعث بھارت میں نظام صحت کا نظام مکمل طور پر ناکام ہوگیا ہے۔
وقت اشاعت : 05/05/2021 - 14:14:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :