تابش خان نے پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی 69 سالہ تاریخ کا انوکھا اعزاز اپنے نام کرلیا

انٹرنیشنل ڈیبیو سے قبل زیادہ فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کرنے والے بائولر بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 7 مئی 2021 12:24

تابش خان نے پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی 69 سالہ تاریخ کا انوکھا اعزاز اپنے نام کرلیا
ہرارے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 مئی 2021ء ) قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر تابش خان نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی 69 سالہ تاریخ کا انوکھا اعزاز اپنے نام کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے12 بجے شروع ہوگا ۔ قومی ٹیم کو 2 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

میچ کے حوالے سے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ وہ یا ٹیم مینجمنٹ شکست سے خوف زدہ ہیں اس وجہ سے نئے کھلاڑیوں کو موقع نہیں دیا جارہا۔ پاکستان نے میچ سے قبل جن 13 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا اس میں لیگ سپنر زاہد محمود اور سعود شکیل کا نام شامل نہیں۔ ذرائع کے مطابق تابش خان کو ڈومیسٹک میں عمدہ کارکردگی کی وجہ سے سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا اور آج انہیں پلیئنگ الیون میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

36 سالہ تابش خان کو فہیم اشرف کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
تابش خان نے اپنے فرسٹ کلاس ڈیبیو کے 18 سال 3 ماہ 29 دن بعد اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے اس دوران 137 فرسٹ کلاس میچز میں 24.29 کی اوسط سے 598 وکٹیں حاصل کیں جو اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر کسی بھی پاکستانی بائولر کی فرسٹ کلاس وکٹوں کی سب سے بڑی تعداد ہے، اس سے قبل پاکستانی نژاد جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر نے 585 فرسٹ کلاس وکٹیں لینے کے بعد ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا ، سابق پاکستانی آل رائونڈر یاسر عرفات نے 520 فرسٹ کلاس وکٹیں لینے کے بعد 2007ء میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا ۔

تابش خان نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں 38 مرتبہ کیریئر میں 5 یا اس سے زائد جب کہ 7 مرتبہ میچ میں 10 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کررکھی ہیں ۔ واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں زمبابوے کو ایک اننگ اور 116 رنز سے ہرایا تھا جب کہ اس سے قبل ٹی ٹونٹی سیریز پاکستان نے دو ایک سے جیتی تھی۔
وقت اشاعت : 07/05/2021 - 12:24:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :