بھارت، کورونا کا شکار کیوی کرکٹر ٹم سائیفرٹ ہسپتال منتقل

چارٹرڈ فلائٹ پر گھر روانگی سے قبل وکٹ کیپر بلے باز کا کووڈ19 ٹیسٹ مثبت آگیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 8 مئی 2021 16:13

بھارت، کورونا کا شکار کیوی کرکٹر ٹم سائیفرٹ ہسپتال منتقل
چنائی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 مئی 2021ء ) نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز ٹم سائیفرٹ بھارت میں کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ٹم سائیفرٹ آئی پی ایل میں شرکت کے لیے بھارت میں موجود تھے تاہم چارٹرڈ فلائٹ پر گھر روانگی سے قبل ان کا کووڈ19 ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ کیوی کرکٹر میں کورونا کی معمولی علامات بتائی جارہی ہیں اور انہیں احتیاطا علاج کے لیے چنائی کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے منتخب کیوی ٹیسٹ کرکٹرز نے بھی بھارت چھوڑ دیا ہے، ٹیسٹ سیریز کے لیے منتخب کھلاڑی نئی دہلی سے مالدیپ پہنچ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق آئی پی ایل میں شامل نیوزی لینڈ کے ٹیسٹ پلیئرز کچھ روز مالدیپ میں قیام کریں گے، کھلاڑیوں کی انگلینڈ میں 11 مئی کی شیڈولڈ اینٹری موخر ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے یومیہ ریکارڈ اموات کے بعد متعدد ریاستوں میں سخت لاک ڈاؤن لگادیا گیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے ایک دن میں 4 ہزار 187 ہلاک ہوگئے جس کےبعد وہاں اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کرگئی۔وزارت صحت کے حکام کے مطابق اسی دورانیے میں 4 لاکھ ایک ہزار 78 نئے کیسز کی اطلاعات ہیں۔بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر سے متاثرہ افراد کی تعداد میں غیرمعمولی اضافے کےبعد مجموعی تعداد 2 کروڑ 19 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کے کیسز اور اموات کی اصل تعداد سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
وقت اشاعت : 08/05/2021 - 16:13:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :