دوسرا ٹیسٹ : پہلی اننگز میں زمبابوے کی ٹیم 132 رنز پر ڈھیر

حسن علی کے 5 شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 9 مئی 2021 14:45

دوسرا ٹیسٹ : پہلی اننگز میں زمبابوے کی ٹیم 132 رنز پر ڈھیر
ہرارے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 مئی 2021ء ) دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں 132 رنز پر ڈھیر ہوگئی ہے۔ ہرارے میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں عابد علی کی ڈبل سنچری اور اظہر علی کی سنچری کے بعد دوسرے روز اپنی اننگز 510 رنز پر ڈیکلیئر کردی جس کے جواب میں میزبان ٹیم نے دن کے اختتام تک 4 وکٹ کے نقصان پر 52 رنز بنائے تھے۔

کھیل کے تیسرے دن زمبابوے نے اننگز کا آغاز کیا تورجیس چاکابوا بھی کچھ دیر کیلئے وکٹ پر قدم جمانے میں کامیاب ہوئے لیکن حسن علی کے ہاتھ میں گیند آئی تو انہوں نے رجیس کا کھاتہ بھی 33 رنز پر بند کر دیا ۔ ملٹن شومبا 2 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ ان کے بعد آنے والے ٹینڈائی محض ایک سکور بنانے کے بعد حسن علی کا شکار بنے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے حسن علی میزبان ٹیم کے بیٹسمینوں پر قہر بن کر برس رہے ہیں اور اب تک 4 کھلاڑیوں کو پولین پہنچا چکے ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی ، تابش خان اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے ۔ اس سے قبل قومی ٹیم کی جانب سے اظہر علی اور عابد علی نے پہلے دن شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سنچریاں مکمل کیں تاہم اظہر علی پہلے دن کے اختتام پر 126 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان بابراعظم 2 اور فواد عالم 5 رنز بناسکے۔ اوپننگ بلے باز عابد علی نے کھیل کے دوسرے روز بھی اپنی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 393 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کی جس میں انہوں نے 27 چوکے لگائے۔ وہ 215 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ نعمان علی نے اپنی پہلی نصف سنچری بنائی اور بدقسمتی سے صرف 3 رنز کی کمی سے سنچری نہ بناسکے وہ 97 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

اوپنر عابد علی نے کریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی وہ ہرارے میں ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے۔ اس سے قبل سابق کپتان اور موجودہ بیٹنگ کوچ یونس خان نے 2013 میں ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔ واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کو ایک اننگز 116 رنز سے شکست دی تھی۔
وقت اشاعت : 09/05/2021 - 14:45:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :