آئی پی ایل کے بقیہ میچز بھارت میں نہیں کھیلے جاسکتے : سارو گنگولی

بھارت میں قرنطینہ کو ہینڈل کرنا بہت مشکل، یہ کہنا جلدی ہے کہ ہم آئی پی ایل کو مکمل کرنے کیلئے کس طرح ونڈو تلاش کرسکتے ہیں: صدر بی سی سی آئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 10 مئی 2021 14:30

آئی پی ایل کے بقیہ میچز بھارت میں نہیں کھیلے جاسکتے : سارو گنگولی
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 مئی 2021ء ) بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ معطل شدہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے بقیہ میچز ملک سے باہر کھیلنا ہوں گے اگرچہ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا بقیہ 31 میچز کروانے کے لیے کوئی مل بھی پائے گی یا نہیں ۔ متعدد غیر ملکی اور بھارتی کھلاڑیوں کے کورونا کا شکار ہونے کے بعد بھارتی ٹی ٹوئنٹی لیگ کو گزشتہ ہفتے غیر معینہ مدت کے لئے معطل کردیا گیا تھا۔

پیر کو بھارت میں 366،161 نئے کوویڈ 19 کیسزسامنے آئے جس کے بعد کیسز کی تعداد 22.66 ملین ہو گئی ہے۔ بورڈ آف کنٹرول برائے کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سربراہ سورو گنگولی نے سپورٹس سٹار میگزین کو بتایا کہ کوویڈ ۔19 پابندیوں کا مطلب یہ ہے کہ بھارت میں بقیہ میچز کا انعقاد ناممکن ہوگا۔

(جاری ہے)

گنگولی نے کہا کہ آئی پی ایل بھارت میں کروانے میں بہت سارے خطرات ہیں جیسے 14 دن کا قرنطینہ، یہ بھارت میں نہیں ہوسکتا ہے، قرنطینہ کو ہینڈل کرنا بہت مشکل ہے، یہ کہنا ابھی بہت جلدی ہے کہ ہم آئی پی ایل کو مکمل کرنے کے لئے کس طرح ونڈو تلاش کرسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ واروکشائر ، سرے اور میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) ستمبر میں آئی پی ایل کے بقیہ میچوں کی میزبانی کے خواہاں ہیں لیکن بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے جمعہ کے روز رائٹرز کو بتایا کہ ابھی ان کی پیش کش پر بات کرنے سے قاصر ہیں۔ 2020ء کا پورا آئی پی ایل کرونا کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا تھا۔ گنگولی نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان جولائی میں سری لنکا میں تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلے گا حالانکہ بی سی سی آئی کی جانب سے اس دورے کے لیے اہم کھلاڑیوں کو آرام دیئے جانے کا امکان ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ساؤتھیمپٹن میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لئے جون کے شروع میں ویرات کوہلی کی ٹیم انگلینڈ روانہ ہونے والی ہے، اس کے بعد وہ انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
وقت اشاعت : 10/05/2021 - 14:30:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :