بابر اعظم ماہ اپریل کے لیے آئی سی سی کے بہترین بلے باز قرار

پیر 10 مئی 2021 23:38

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2021ء) پاکستان کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے اپریل کے مہینے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا جبکہ خواتین کرکٹرز میں آسٹریلیا کی ایلیسا ہیلی بہترین کرکٹر قرار پائیں۔بابر اعظم نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ختم ہونے والی سیریز میں تمام فارمیٹس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور شائقین کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی نے اپریل کے مہینے کے لیے بابر اعظم کو بہترین کھلاڑی منتخب کیا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں 82 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت وہ 13 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر کے کیریئر کے بہترین 865 پوائنٹس پر پہنچ گئے۔اس سے قبل سیریز کے تیسرے ٹی20 میچ میں 59 گیندوں پر 122 رنز کی اننگز کھیل کر ہدف کے کامیابی سے تعاقب میں پاکستان کی مدد کی ۔

(جاری ہے)

آئی سی نے پیر کو ان ایوارڈز کا اعلان کیا جس کا مقصد مرد و خواتین کرکٹرز کے بہترین کھیل کو سراہنا ہے۔

ماہ اپریل کے ایوارڈ کے لیے بابراعظم کے ساتھ فخر زمان اور نیپال کے کوشال بھورٹل کو نامزد کیا گیا تھا۔آئی سی سی کے بنائے گئے ماہرین کے پینل اور شائقین کے ووٹوں کے بعد بابر اعظم کو اپریل کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا جنہوں نے تین ون ڈے میچوں میں مجموعی طور پر 228 رنز اور سات ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں305 رنز بنائے۔ماہ اپریل کے لیے آسٹریلیا کی نامور خاتون کرکٹر ایلیسا ہیلی کو بہترین کرکٹر قرار دیا گیا۔ بابراعظم نے اپریل میں بھارت کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کو دو ریکارڈز سے محروم کردیا تھا۔وہ ٹی20 میچوں میں سب سے کم اننگز میں 2 ہزار رنز بنانے والے بلے باز بن گئے تھے اور یہ اعزاز صرف 52 اننگز میں حاصل کیا تھا۔
وقت اشاعت : 10/05/2021 - 23:38:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :