حسن علی ، نعمان علی اور شاہین آفریدی نے کیریئر کے بہترین ٹیسٹ رینکنگ اپنے نام کرلی

بابراعظم کی 10ویں نمبر پر تنزلی، اظہر علی ترقی پاکر16ویں، عابد علی 40ویں نمبر پر پہنچ گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 مئی 2021 14:36

حسن علی ، نعمان علی اور شاہین آفریدی نے کیریئر کے بہترین ٹیسٹ رینکنگ اپنے نام کرلی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 مئی 2021ء ) حسن علی ، نعمان علی اور شاہین آفریدی نے کیریئر کے بہترین ٹیسٹ رینکنگ اپنے نام کرلی ہے۔ فاسٹ بولر حسن علی نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 27 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ لیفٹ آرم بائولر شاہین آفریدی نے دوسری اننگز میں 52 رنز دیکر 5 اور بائیں ہاتھ کے سپنر نعمان علی نے دوسری اننگز میں 86 رنز کے عوض 5 شکار کیے۔

یہ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع تھا جب 3 بائولرز نے ایک ہی ٹیسٹ میں اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 28 سالوں میں پہلی مرتبہ ایسا کارنامہ سرانجام دیا گیا، آخری بار1993ء میں ایجبسٹن میں آسٹریلیا کے پال ریفیل ، شین وارن اور ٹم مے نے انگلینڈ کیخلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ پاکستان نے ہرارے میں زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹیسٹ اننگز اور 147 رنز سے جیتا تھا اور سیریز میں 2-0 کی فتح مکمل کی تھی۔

(جاری ہے)

حسن علی نے 6 درجے ترقی کے ساتھ 14 ویں پوزیشن سنبھالی جب کہ شاہین آفریدی 9 درجے ترقی کے بعد 22 ویں اور نعمان علی 54 ویں سے 46 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ دریں اثناء اوپنر عابد علی کے 215 ناٹ آؤٹ نے انہیں 38 درجے ترقی کے ساتھ 40 ویں پوزیشن دلادی ہے جبکہ اظہر علی 126 رنز بناکر 4 درجے ترقی کے ساتھ16 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔ نعمان علی نے تیز رفتار 97 رنز بنا کر 35 درجے ترقی کے ساتھ 116 ویں پوزیشن حاصل کی ۔

دوسرے ٹیسٹ میں بھی ناکام رہنے والے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ایک درجہ مزید تنزلی ہوئی ہے اور اب وہ 10ویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔ زمبابوے کے لئے ریگس چکابوا 16 درجے ترقی پاکر81 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جب کہ لیوک جونگ وے 133 ویں پوزیشن پر رینکنگ میں داخل ہوئے ہیں۔ فاسٹ باؤلر بلیسنگ موزاربانی کی 3 وکٹیں انہیں 55ویں سے51 ویں نمبر پرلے آئی ہیں جب کہ ٹنڈائی چیسورو 11 درجے ترقی کے بعد 110 ویں پوزیشن پر ہے۔
وقت اشاعت : 12/05/2021 - 14:36:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :