مائیکل وان کے تنقید کرنے والے سلمان بٹ کو فکسنگ کے طعنے

کاش سلمان نے 2010ء میں بھی اسی صاف گوئی کا مظاہرہ کیا ہوتا جب وہ میچ فکسر تھے: سابق برطانوی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 17 مئی 2021 13:13

مائیکل وان کے تنقید کرنے والے سلمان بٹ کو فکسنگ کے طعنے
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مئی 2021ء ) سابق برطانوی کپتان مائیکل وان تنقید کرنے پر سلمان بٹ کو فکسنگ کے طعنے دینے لگے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور انگلینڈ کے سابق قائد مائیکل وان سوشل میڈیا پر آپس میں الجھ پڑے۔ 46 سالہ مائیکل وان کا کہنا تھا کہ اگر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا تعلق بھارت سے ہوتا تو انھیں اب تک دنیا کا عظیم ترین کرکٹر قرار دیا جاچکا ہوتا لیکن ایسا نہیں ہے، آپ اس بات کی تو اجازت نہیں دیں گے کہ ویرات کوہلی کو عظیم ترین کرکٹر نہ قرار دیا جائے، اگر آپ کوہلی کے بارے میں کچھ اچھا کہتے ہیں تو آپ کو زیادہ کلکس اور لائیکس ملیں گے اور آپ کے فالوورز کی تعداد بھی بڑھ جائیں گے، کین ولیمسن بھی تمام فارمیٹس میں بہترین بلے باز ہیں، وہ بہت پرسکون انداز میں کھیلتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے اس کمنٹ کے جواب میں سپاٹ فکسنگ میں پابندی کا شکار رہنے والے 36 سالہ سلمان بٹ نے کہا کہ ویرات کوہلی کا تعلق ایسے ملک سے ہے جہاں کی آبادی 1 ارب سے زیادہ ہے اور اسی لیے ان کے چاہنے والوں کی تعداد بھی زیادہ ہے، کوہلی کی اپنی پرفارمنس بھی شاندار ہے، وہ 70 انٹرنیشنل سنچریاں سکور کرچکے ہیں اور طویل عرصے تک ان کی ون ڈے رینکنگ پر حکمرانی رہی، اس لیے میں نہیں سمجھتا کہ ان کا کسی سے موازنہ کرنے کی ضرورت ہے اور ان دونوں میں موازنہ کر بھی کون رہا ہے۔

مائیکل وان، وہ انگلینڈ کے ذہین کپتان ضرور تھے مگر ان کی بیٹنگ کوئی غیرمعمولی نہیں تھی، ٹیسٹ کرکٹ میں تو ان کی پرفارمنس اچھی رہی لیکن ون ڈے میں وہ 90 میچز میں ایک سنچری تک نہیں سکور کرپائے ،جب آپ اوپنر ہونے کے باوجود بڑی اننگز نہ کھیل سکیں تو آپکی بحث کی بھی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ سلمان بٹ کی اس تنقید کے جواب میں مائیکل وان نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ’’میں نے دیکھا کہ سلمان نے میرے بارے میں کچھ کہا ہے، کوئی بات نہیں، انھیں اپنی رائے دینے کا حق ہے لیکن کاش انھوں نے 2010ء میں بھی اسی صاف گوئی کا مظاہرہ کیا ہوتا جب وہ میچ فکسر تھے، آپ یہ کہنا شاید بھول گئے کہ آپ نے ہمارے محبوب کھیل کو کرپٹ نہیں کیا یا اسی طرح کی اور کوئی بات آپ نے نہیں کی‘‘۔
وقت اشاعت : 17/05/2021 - 13:13:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :