کیون پیٹرسن آئی پی ایل کیلئے انگلش کرکٹرز کو بغاوت پر اکسانے لگے

اگر کرکٹرز متحد ہوجائیں تو وہ آئی پی ایل کے بقیہ میچز میں شرکت کرسکتے ہیں: سابق برطانوی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 17 مئی 2021 15:20

کیون پیٹرسن آئی پی ایل کیلئے انگلش کرکٹرز کو بغاوت پر اکسانے لگے
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مئی 2021ء ) انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کیون پیٹرسن نے انڈین پریمیئر کی دولت کے لالچ میں موجودہ پلیئرز کو انگلش بورڈ کے خلاف بغاوت پر اکسانا شروع کردیا۔ 40 سالہ کیون پیٹرسن کا کہنا تھا کہ اگر کرکٹرز متحد ہوجائیں تو وہ آئی پی ایل کے بقیہ میچز میں شرکت کرسکتے ہیں۔ انگلش بورڈ پہلے ہی واضح کرچکا ہے کہ کرکٹرز موجودہ سیریز میں بھارتی ایونٹ نہیں کھیل پائیں گے، انہیں انٹرنیشنل ڈیوٹی کو ترجیح دینی ہوگی۔

ان کا کہنا ہے کہ نئی صورتحال میں انگلش کرکٹ بورڈ کس طرح معاملات کنٹرول کرتا ہے یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا۔ یاد رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں اور عملے کے ارکان میں کورونا کی تشخیص کے بعد لیگ کے 2021ء سیزن کوغیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

لیگ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ کی گورننگ کونسل اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہنگامی اجلاس میں فوری طور پر آئی پی ایل 2021ء سیزن کو ملتوی کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ بائیوسیکور ببل کے باوجود دو کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد لیگ کے جاری رہنے پر سوالات کھڑے ہوگئے تھے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ورون چکراوَرتھی اور سندیپ واریئر کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کے بعد کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور ویرات کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلور کا میچ آغاز سے چند گھنٹے قبل منسوخ کردیا گیا تھا۔

یہ 9 اپریل کو آئی پی ایل کے آغاز کے بعد پہلا موقع تھا کہ ایونٹ کے بائیو سیکیور ببل میں کوئی کووڈ-19 کا کیس رپورٹ ہوا، ایونٹ کے آغاز سے قبل نتیش رانا، اکشر پٹیل اور دیودٹ پڈیکل وائرس کا شکار ہوئے تھے۔ بعد ازاں باؤلنگ کوچ لکشمی پتھی بالاجی سمیت چنائی سپر کنگز کے سکواڈ کے تین اراکین کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا جس کے بعد پوری ٹیم کو آئیسولیٹ کردیا گیا۔

خیال رہے کہ آئی پی ایل کے تمام میچز بند دروازوں کے پیچھے ہوئے تھے لیکن 3 آسٹریلین کھلاڑیوں کے ٹورنامنٹ چھوڑ کر جانے کے بعد منتظمین اس بات کو یقینی بنا رہے تھے کہ باقی غیر ملکی کھلاڑی مکمل محفوظ رہیں۔ آسٹریلوی حکومت کی جانب سے بھارت سے آنیوالوں پر سفری پابند عائد کیے جانے سے قبل ایڈم زیمپا، اینڈریو ٹائی اور کین رچرڈسن اپنی، اپنی آئی پی ایل ٹیموں کو چھوڑ کر واپس چلے گئے تھے۔
وقت اشاعت : 17/05/2021 - 15:20:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :