محمد عامر بلیک میلنگ کے ذریعے قومی ٹیم میں واپسی کیلئے کوشاں ہیں : دانش کنیریا

پیسر کو سمجھنا چاہئے کہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد انہیں قومی ٹیم میں واپس لاکر پاکستان نے ان پر احسان کیا لیکن ڈیڑھ سال میں انکی کارکردگی بالکل صفر رہی: سابق لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 17 مئی 2021 17:01

محمد عامر بلیک میلنگ کے ذریعے قومی ٹیم میں واپسی کیلئے کوشاں ہیں : دانش کنیریا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مئی 2021ء ) سابق لیگ سپنر دانش کنیریا کا خیال ہے کہ سابق فاسٹ بولر محمد عامر اپنے بیانات سے لوگوں کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ قومی ٹیم میں واپسی کی جاسکے۔ سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کا خیرمقدم ہونے کے باوجود حالیہ ماضی میں عامر نے جس طرح سے خود کو پیش کیا اس نے دانش کنیریا کو ذرا بھی متاثر نہیں کیا ہے۔

40 سالہ دانش کنیریا نے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک اپنی رائے کا حقدار ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ عامر اپنے بیانات سے دوسروں کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ وہ قومی ٹیم میں واپسی کرسکے، انگلینڈ منتقل ہونے اور شہریت حاصل کرنے اور آئی پی ایل کھیلنے کے بارے میں ان کے بیانات سے کوئی بھی یہ نتیجہ اخذ کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

دانش کنیریا کا کہنا تھا کہ محمد عامر کو یہ سمجھنا چاہئے کہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد انہیں قومی ٹیم میں واپس لاکر پاکستان نے ان پر احسان کیا ہے لیکن پچھلے ڈیڑھ سال میں ان کی کارکردگی بالکل صفر رہی، عامر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017ء میں واقعی عمدہ بولنگ کی تھی لیکن اس کے بعد سے ان کی کارکردگی میں تنزلی آئی ہے۔ دانش کنیریا نے کچھ کھلاڑیوں اور مبصرین کے تحفظات کے باوجود پاکستانی کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے عامر کی قومی ٹیم میں واپسی کو یقینی بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب عامرکو خراب فارم کے باعث قومی ٹیم سے باہر کردیا گیا تو انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اس مینجمنٹ کے ساتھ نہیں کھیلیں گے حالانکہ یہ وہی ہیں جنہوں نے محمد عامر کی حمایت کی تھی۔ جب میں مصباح الحق ، محمد حفیظ جیسے لوگوں کے بارے میں بات کرتا ہوں تو بورڈ نے ان پر دباؤ ڈالا کہ وہ محمد عامر کا ساتھ دیں اور انہیں ٹیم میں واپس لائیں۔ کچھ کمنٹیٹرز بھی عامر کی حمایت نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن وہ مجبور تھے کیوں کہ ان کی روزی روٹی اس سے وابستہ تھی ۔
وقت اشاعت : 17/05/2021 - 17:01:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :