نیوزی لینڈ کے سابق رگبی سٹار و باکسر سونی بل ولیمز کی فلسطین کی صورتحال پر عالمی رہنماؤں کی خاموشی پرکڑی تنقید

ہمارے نام نہاد قائدین کہاں ہیں؟ کیا ہم اسرائیلی طاقتوں سے خوفزدہ ہیں اسلئے خاموش رہیں؟، اللہ فلسطین میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کی حفاظت فرمائے: ٹویٹر پیغام

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 19 مئی 2021 16:37

نیوزی لینڈ کے سابق رگبی سٹار و باکسر سونی بل ولیمز کی فلسطین کی صورتحال پر عالمی رہنماؤں کی خاموشی پرکڑی تنقید
آکلینڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 مئی 2021ء ) نیوزی لینڈ کے رگبی سٹار اور باکسر سونی بل ولیمز نے فلسطین پر اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی بمباری پر عالمی رہنماؤں کی قیادت پر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔ 35 سالہ سونی بل ولیمز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر جاری پیغام میں اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’فلسطین کی موجودہ صورتحال دیکھ کر میرا دل رو رہا ہے، اپنی امت کے ساتھ اس غیر انسانی سلوک کو دیکھتے ہوئے میرا دل رو رہا ہے ،آنکھیں جل رہی ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں عالمی رہنماؤں کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’ ہمارے نام نہاد قائدین کہاں ہیں؟ کیا ہم اسرائیلی طاقتوں سے خوفزدہ ہیں اس لیے ہم خاموش رہیں؟ سٹار کھلاڑی نے دعا کی کہ یا اللہ فلسطین میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کی حفاظت فرمائے‘‘۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی بمباری مسلسل آٹھویں روز بھی جاری رہی۔

راکٹ حملوں میں اسلامی یونیورسٹی کی ایک عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ خوش قسمتی سے حملے کے وقت طلبا اور عملہ یونیورسٹی میں موجود نہیں تھا۔ غزہ میں 8 روز سے جاری اسرائیل کی بمباری میں شہادتوں کی تعداد 217 ہوگئی، شہید ہونے والوں میں 63 بچے، 36 خواتین اور 16 بزرگ بھی شامل ہیں جب کہ 1500 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں میڈیا ہاؤسز سمیت 3 کثیر المنزلہ عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

دوسری جانب غزہ سے حماس نے بھی اسرائیلی علاقے پر راکٹ داغے جس کے نتیجے میں 10 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے جب کہ لبنان کی جانب سے بھی اسرائیلی سر زمین پر راکٹ داغے گئے۔ ادھر امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل کو اسلحے کی فروخت کی منظوری بھی دی جس پر مسلم رکن پارلیمنٹ الہان عمر نے شدید احتجاج کیا ہے۔ ترک صدر طیب اردوان نے امریکا کی جانب سے اسرائیل کو اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بائیڈن نے اسرائیل کی حمایت کرکے اپنے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگ لیے ہیں۔
وقت اشاعت : 19/05/2021 - 16:37:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :