پی ایس ایل 6، کرس گیل، ڈیل سٹین سمیت کئی اہم کھلاڑیوں کی شرکت مشکوک

ایونٹ میں ہر ٹیم میں اب 18 کی بجائے 20 کھلاڑی شامل ہوںگے، ٹیموں کے پاس آپشن ہوگا کہ وہ 2 کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرکے اہم کھلاڑی کی کمی پوری کرلیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 مئی 2021 16:18

پی ایس ایل 6، کرس گیل، ڈیل سٹین سمیت کئی اہم کھلاڑیوں کی شرکت مشکوک
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 مئی 2021ء ) پاکستان سپر لیگ کے یو اے ای میں شیڈول بقیہ میچوں میں کئی اہم غیر ملکی کھلاڑیوں اور فرنچائزز کے کوچز کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں نیا ڈرافٹ نہیں کرائے گا۔ ایونٹ میں ہر ٹیم میں اب 18 کی بجائے 20 کھلاڑی شامل ہوں گے، ٹیموں کے پاس آپشن ہوگا کہ وہ 2 کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم میں شامل کرکے اہم کھلاڑی کی کمی پورا کرسکتی ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کے محمد قیس ،بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، جنوبی افریقی فاسٹ بائولر ڈیل سٹین اور ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل کی پی ایس ایل میں شرکت مشکوک ہے جب کہ کئی کوچز بھی ابوظہبی جانے سے گریز کررہے ہیں۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پی ایس ایل فرنچائز کو کسی بھی پاکستانی ایسوسی ایشن کا کوچ کو رکھنے کی اجازت ہوگی جن کے غیر ملکی کوچز اور سپورٹ سٹاف کسی وجہ سے ابوظہبی نہیں آسکیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز ابوظہبی میں کروانے کی مکمل منظوری مل گئی ہے۔ پی سی بی اور تمام فرنچائز مالکان کے درمیان آن لائن اجلاس کے بعد ایونٹ کے انعقاد سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کےمطابق ہم اب ایونٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت، ان کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، ایمریٹس کرکٹ بورڈ اور ابوظہبی سپورٹس کونسل کے مشکور ہیں،جون میں ایونٹ کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے عیدالفطر کی تعطیلات کے باوجود سخت محنت کرنے پر پی سی بی سٹاف کا مشکور ہوں۔
وقت اشاعت : 20/05/2021 - 16:18:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :