بی سی سی آئی کا بقیہ آئی پی ایل میچز کیلئے انگلش کرکٹ بورڈ سے ٹیسٹ سیریز کے شیڈول پر نظر ثانی کا مطالبہ

ای سی بی ٹیسٹ سیریز کو موخر کرنے پر راضی ہے تاکہ انگلینڈ میں آئی پی ایل کے بقیہ میچز کروائے جاسکیں جس سے کائونٹیز کو کمائی کا موقع ملے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 21 مئی 2021 17:03

بی سی سی آئی کا بقیہ آئی پی ایل میچز کیلئے انگلش کرکٹ بورڈ سے ٹیسٹ سیریز کے شیڈول پر نظر ثانی کا مطالبہ
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 مئی 2021ء ) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز بعد کی تاریخ میں منتقل کرکے بقیہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) سیزن کروانے پر غور شروع کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بی سی سی آئی نے انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے ابتدائی بات چیت کرتے ہوئے پانچ میچوں کی سیریز کا آخری ٹیسٹ بعد کی تاریخوں میں منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، انگلینڈ اور بھارت 5 اگست سے 14 ستمبر تک پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلیں گے۔

بی سی سی آئی اور ای سی بی 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کو موافقت دینے کے لئے بات چیت کررہی ہیں۔ ان گفتگو کی تفصیلات ابھی تک پبلک نہیں ہوئی ہیں لیکن ای سی بی ٹیسٹ سیریز کو موخر کرنے پر راضی ہے تاکہ انگلینڈ میں آئی پی ایل کے بقیہ میچز کروائے جاسکیں جس سے کائونٹیز کو کمائی کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

ہندوستانی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق یہ ای سی بی سے بھائو تائو کرنے کا اچھا وقت ہے۔

اگر آئی پی ایل کو بھارت میں کروانے سے اخرجات حد سے زیادہ بڑھنے پر سٹیک ہولڈرز متاثر ہوئے تبھی بی سی سی آئی متحدہ عرب امارات کو آئی پی ایل کا دوسرا آپشن سمجھے گی اور اس ضمن میں سری لنکا میں آئی پی ایل کی میزبانی کے خیال سے بھی گریز نہیں کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم جون کے شروع میں انگلینڈ کے لئے روانہ ہوگی جب وہ 18 جون کو سائوتھمپٹن ​​میں ہونے والے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ سے مقابلہ کرے گی۔
وقت اشاعت : 21/05/2021 - 17:03:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :