یو اے ای کی سفری پابندیاں، پاکستانی باکسنگ ٹیم ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم

اماراتی حکام کی خصوصی اجازت کے باوجود فلائٹس دستیاب نہ ہوسکیں ، چیمپئن شپ میں 7 مرد، 2 خواتین باکسرز نے شرکت کرنا تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 مئی 2021 14:50

یو اے ای کی سفری پابندیاں، پاکستانی باکسنگ ٹیم ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 مئی 2021ء ) متحدہ عرب امارات کی جانب سے سفری پابندیاں لگائے جانے کے باعث پاکستانی باکسنگ ٹیم ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کرونا وبا کی تیسری لہر کے باعث پاکستان پر سفری پابندیاں عائد کررکھی ہیں جس کا خمیازہ اب پاکستانی باکسنگ ٹیم کو بھگتنا پڑا ہے، ایشین باکسنگ چیمپئن شپ ایونٹ کے مقابلے 24 مئی سے 31 مئی تک دبئی میں شیڈول ہیں۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ میں پاکستان کے 7 مرد، 2 خواتین باکسرز اور 4 آفیشلز نے شرکت کرنی تھی، یو اے ای حکام کی جانب سے خصوصی اجازت ملنے کے باوجود فلائٹس کی دستیابی ممکن نہیں ہو سکی جس کے نتیجے میں پاکستانی باکسنگ ٹیم ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے سے محروم ہوگئی ہے۔ مرد کھلاڑیوں میں محمد سعید، محب اللہ، سلیمان بلوچ، عامر خان، سیف اللہ منان، محمد اجمل، ثناء اللہ شامل تھے جب کہ خواتین کھلاڑیوں میں رکشا غفار اور رخسانہ پروین شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ پاکستانی دستے میں شامل بیشتر کھلاڑیوں نے 13 ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں میڈل جیت رکھے ہیں۔                                                             
وقت اشاعت : 25/05/2021 - 14:50:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :