پی ایس ایل 6: بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر 4 میچز کی پابندی کی تجویز

25 سے 100 فیصد میچ فیس کے جرمانے بھی کیے جاسکیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 30 مئی 2021 14:01

پی ایس ایل 6: بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر 4 میچز کی پابندی کی تجویز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 مئی 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ابوظہبی میں باقی پی ایس ایل میچوں سے قبل اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ بائیو سیفٹی ببل میں کم سے کم خلاف ورزیوں کو رکھا جائے۔ واضح رہے کہ کراچی میں پی ایس ایل 6 کے دوران متعدد کھلاڑیوں اور عہدیدران کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث لیگ کو ملتوی کرنا پڑا تھا۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں اور عہدیداروں پر پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس میں 25 سے 100 فیصد جرمانہ کے ساتھ 1 سے 4 میچوں کیلئے بھی پابندی عائد ہوسکتی ہے۔

خلاف ورزیوں کو 3 الگ الگ کیٹگریز میں رکھا گیا ہے ، ان میں ببل کے اندر معمولی خلاف ورزیاں، سنگین خلاف ورزیاں اور ببل سے باہر جانے یا اس کا ماحول خراب کرنا شامل ہیں، پی سی بی کی بس یا گاڑی میں آمدورفت کے وقت ماسک نہ لگانا، فضائی سفر سے قبل لاؤنج میں دیگر افراد کے قریب بیٹھنا، میچ یا پریکٹس کے وقت گراؤنڈ میں داخل ہوتے وقت ہاتھ نہ دھونا یا سینیٹائز نہ کرنا، گیند پر تھوک لگانا شامل ہے۔

(جاری ہے)

لیئرٹو کے افراد سے گراؤنڈ میں سوشل ڈسٹینس نہ رکھنا،ڈرنک، پانی کی بوتل، سامان، کپڑے، تولیہ یا کٹس کسی کیساتھ شیئر کرنا،علامات کی ٹریکنگ ایپ میں تفصیلات نہ دینا، بولر کی جانب سے کیپ، ہیٹ، جمپر یا گلاسز گراؤنڈ کے باہر رکھنے کی جگہ امپائر کو دینا، فیلڈ میں تھوکنا اور دیگر بعض باتیں معمولی خلاف ورزیوں میں شمار ہوں گی۔ ڈاکٹر کی ایڈوائس کے بغیر آئسولیشن روم جانا، فزیو اور مساجر کا ٹریٹمنٹ کے دوران ماسک نہ پہننا، بوتل شیئر کرنا یا بغیر نشان والی ڈرنک بوتل و تولیہ کا پلیئرز کی جانب سے استعمال، فضائی سفر کے دوران ماسک یا گلوز پھینکنا،علامات چھپانے کیلیے کوئی دوائی لینا یا ٹیسٹ کے نتائج میں ردوبدل کرنا یا علامات ظاہر ہونے کی معلومات چھپانا سنگین خلاف ورزیاں شمار ہوں گی۔

پہلی معمولی خلاف ورزی پر انتباہ اور سرزنش کے بعد چھوڑ دیا جائیگا یا 25 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد ہوگا، غلطی دہرانے یا سنگین خلاف ورزی پر50 سے 75 فیصد میچ فیس کا جرمانہ یا اور ایک سے 3 میچز کی پابندی عائد ہو گی۔ بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر فوری آئسولیشن، قرنطینہ اور پی سی آر ٹیسٹ ہوگا، میچ فیس کا 100فیصد جرمانہ اور 2 سے 4 میچز کی پابندی بھی عائد ہو سکے گی۔ پی ایس ایل ٹیکنیکل کمیٹی سے سزا یافتہ کرکٹر فیصلے کیخلاف 24 گھنٹے کے اندر سی ای او پی سی بی وسیم خان سے اپیل کر سکے گا جو تین دن میں کوئی فیصلہ کریں گے۔
وقت اشاعت : 30/05/2021 - 14:01:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :