بنک آف خیبرسکواش ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز

منگل 1 جون 2021 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2021ء) بینک آف خیبر اور ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام سکواش ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام گزشتہ روز پشاور میں شروع ہوگیا پشاور سپورٹس کمپلیکس میں واقع سکواش کورٹس پر انڈر13 کھلاڑیوں کے ٹرائلز اور میچز کاسلسلہ شروع ہوگیا ہے جس میں خیبرپختونخوا سے بڑی تعداد میں کھلاڑی شرکت کررہے ہیں ان میں سے تین بوائز اور ایک گرلز پلیئر کا انتخاب کیا جائے گا جنہیں بینک آف خیبر تین سال کے لئے سکالر شپ دے گا ‘صوبہ بھر سے پشاور آنیوالے کھلاڑیوں کے لئے ان ٹرائلز اور میچز کے دوران رہائش کا فری انتظام کیا گیا ہے‘سکواش ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام چار جون تک جاری رہے گا ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک کے مطابق یہ اچھا اقدام اٹھایا گیا ہے بینک آف خیبر پہلے بھی کھیلوں کے ساتھ ساتھ دیگر سرگرمیوں میں پیش پیش رہا ہے جس سے معاشرے کی اصلاح کا سلسلہ جاری ہے اور اب ایک مرتبہ پھر بینک آف خیبرنے ہمارے ساتھ مل کر یہ قدم اٹھایا ہے جس کا مقصد سکواش کے کھیل کو فروغ و ترقی دینا ہے اور نئے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع فراہم کرنا ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم بھی اس سلسلے میں سب سے آگے ہوں سکواش کی ترقی کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس نے بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اس پروگرام میں ہمارے کوچز ‘ٹیکنیکل آفیشلز بھی بھرپور شرکت کررہے ہیں اور امید ہے کہ ہمیں بہترین کھلاڑی میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی اس قسم کے پروگراموں کا سلسلہ جاری رہے گا اس سے قبل ہم نے میڈل ونر کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کئے اور پھر انہیں سکالر شپس بھی دی جارہی ہیں جس سے وہ مستفید ہورہے ہیں خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس قسم کے اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کا مقصد کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
وقت اشاعت : 01/06/2021 - 23:45:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :