تبریز شمسی نے بھی فلسطینی مسلمانوں کے حق کیلئے آواز بلند کردی

پروٹیز سپنر نے 2 روز قبل واشنگٹن میں لنکن میموریل کے سامنے اسرائیل مخالف احتجاج کی تصویر شیئر کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 2 جون 2021 11:26

تبریز شمسی نے بھی فلسطینی مسلمانوں کے حق کیلئے آواز بلند کردی
کیپ ٹائون (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 جون 2021ء ) جنوبی افریقہ کے چائنا مین سپنر تبریز شمسی نے بھی فلسطین کے مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کردی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر 31 سالہ تبریز شمسی نے ایک تصویر شیئر کی جو فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے حق میں تھی۔ اس تصویر میں جو امریکی دارلحکومت واشنگٹن ڈی سی میں لنکن میموریل کے سامنے فلسطینیوں کے حق میں 2 روز قبل ہونے والے مظاہرے کی ہے، دیکھا جاسکتا ہے کہ مظاہرین فلسطین کے پرچم اٹھائے ہوئے ہیں جب کہ فضا میں بھی فلسطینی پرچم کے رنگ بکھرے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے تبریز شمسی نے لکھا کہ ’اگر آپ کو اس معاملے پر معلومات نہیں تو جائیں اور اپنے آپ کو اس کی تعلیم دیں‘۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اسرائیل اور فلسطینی تنظیم حماس کے درمیان جنگ بندی ہوچکی ہے تاہم اس 11 دن جاری رہنے والی جارحیت میں اسرائیلی فضائی کارروائیوں میں 254 فلسطینی شہید ہوئے اور ان میں 67 بچے بھی شامل تھے۔

ان 11 دنوں میں اسرائیل کی جانب سے پناہ گزینوں کے کیمپوں پر بمباری کی گئی، میزائل حملوں میں بچے شہید ہوئے، عمارتوں پر حملہ کرکے انہیں منہدم کیا گیا اور لوگ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے بے بسی میں اپنے پیاروں کی لاشیں نکلتے ہوئے دیکھتے رہے۔ اس تشدد کا آغاز مقبوضہ بیت المقدس سے ہوا۔ 10 مئی کو مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی پولیس کے حملے نے حماس کو جوابی کارروائی کے طور پر یہودی ریاست پر راکٹ حملے کرنے پر مجبور کردیا ۔

اسرائیل کی فوج نے ان راکٹ حملوں کا فضائی بمباری سے جواب دیا اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا لیکن فلسطینی اور بین الاقوامی اداروں نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے گنجان آباد آبادی والی پٹی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔
وقت اشاعت : 02/06/2021 - 11:26:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :