دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کیلئے قومی سکواڈز کا اعلان کردیا گیا

حارث سہیل ، عماد وسیم کی قومی ٹیم میں واپسی ،اعظم خان پہلی مرتبہ سکواڈ کا حصہ بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 4 جون 2021 11:10

دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کیلئے قومی سکواڈز کا اعلان کردیا گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 جون 2021ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے چار تجربہ کار کھلاڑیوں کو واپس بلایا ہے اور انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے دوروں کے لئے اعظم خان کو بھی سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ انگلینڈ میں 8 سے 20 جولائی تک تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے ، جس کے بعد قومی ٹیم نے ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز کیخلاف 5 ٹی ٹونٹی کھیلنا ہیں جس کے بعد 2 ٹیسٹ ہوں گے۔

حارث سہیل کو ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ عماد وسیم کی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، فاسٹ بولر محمد عباس اور نسیم شاہ ٹیسٹ ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ یاسر شاہ کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے کیونکہ لیگ سپنر ابھی تک گھٹنے کی تکلیف سے پوری طرح صحت یاب نہیں ہوئے ۔ سلیکٹرز نے جمیکا ٹیسٹ کیلئے سپنر زاہد محمود کے ساتھ بائیں ہاتھ کے سپنر نعمان علی اور آف سپنر ساجد خان کو برقرار رکھا ہے۔

(جاری ہے)

سعود شکیل نے بھی انجری کے سبب جنوبی افریقہ کے ون ڈے میچوں سے محروم ہونے کے بعد ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئے جب کہ سلمان علی آغا کو ون ڈے میچوں کے لئے بلایا گیا ہے۔ فخر زمان نے جنوبی افریقہ میں عمدہ کارکردگی کے بعد سکواڈ میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جارح مزاج بلے باز اعظم خان ٹی ٹونٹی سکواڈ کا نیا چہرہ ہیں۔

ون ڈے سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں بابراعظم (کپتان) ، شاداب خان (نائب کپتان) ، عبد اللہ شفیق ، فہیم اشرف ، فخر زمان ، حیدر علی ، حارث رؤف ، حارث سہیل، حسن علی، امام الحق ، محمد حسنین ، محمد نواز ، محمد رضوان (وکٹ کیپر) ، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل ، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان قادر شامل ہیں۔ ٹی ٹونٹی سکواڈ بابراعظم (کپتان) ، شاداب خان (نائب کپتان) ، ارشد اقبال ، اعظم خان ، فہیم اشرف ، فخر زمان ، حیدر علی ، حارث رؤف ، حسن علی ، عماد وسیم ، محمد حفیظ ، محمد حسنین ، محمد نواز ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر ، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) ، شاہین شاہ آفریدی ، شرجیل خان اور عثمان قادر شامل ہیں۔

ویسٹ انڈیز کیخلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اعلان کردہ سکواڈ بابراعظم (کپتان) ، محمد رضوان (وکٹ کیپرونائب کپتان) ، عبداللہ شفیق ، عابد علی ، اظہر علی ، فہیم اشرف ، فواد عالم ، حارث رؤف ، حسن علی ، عمران بٹ، محمد عباس ، محمد نواز ، نسیم شاہ ، نعمان علی ، ساجد خان ، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) ، سعود شکیل ، شاہین شاہ آفریدی ، شاہنواز دہانی ، یاسر شاہ (فٹنس سے مشروط) اور زاہد محمود پر مشتمل ہے ۔
وقت اشاعت : 04/06/2021 - 11:10:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :