انڈر 13 ٹیلنٹ ہنٹ سکواش پروگرام اختتام پذیرہوگیا

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے

جمعہ 4 جون 2021 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2021ء) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام بینک آف خیبر کے اشتراک سے منعقدہ انڈر 13 ٹیلنٹ ہنٹ سکواش پروگرام اختتام پذیرہوگیا 'چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئی' ان کے ہمراہ سیکرٹری سپورٹس عابد مجید ، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس اسفندیارخان خٹک ، ڈائریکٹر سپورٹس سید ثقلین شاہ ،پراجیکٹ ڈائریکٹرمر اد علی مہمند،سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان 'قمرزمان'محب اللہ خان 'ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس جعفر شاہ 'شاہ فیصل 'کوچ طاہر خان 'ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ سلیم رضا سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ، قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں منعقدہ سکواش ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں تین لڑکوں اور ایک لڑکی کا انتخاب کیا جانا ہے جس میں ٹاپ کھلاڑیوں کو منتخب کیاگیا ہے جس کے بعد حتمی سکالر شپ اور دیگر مراعات کیلئے ان کے ریسٹ ایکسرے کرائے جائیں گے جس سے ان کے ایج گروپ کا پتہ چلے گا اور کنفرم ہوگا ان کھلاڑیوں کو انڈر13 ہونا چاہئے جنہیں بینک آف خیبر تین سال کے لئے سکالر شپ دے گا 'صوبہ بھر سے پشاور آنیوالے کھلاڑیوں کے لئے ان ٹرائلز اور میچز کے دوران رہائش کا فری انتظام کیا گیا ، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں صوبہ بھر سے 142 کھلاڑیوں نے شرکت کی 'ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں لڑکیوں میں مہوش نے تمام دس میں سے دس میچ جیت کر پہلی 'رانیا نے نو میں سے آٹھ میچ جیت کر دوسری 'زرلش نے دس میں سے آٹھ میچ جیت کر تیسری جبکہ ماہ نور نے دس میں سے سات میچ جیت کر چوتھی پوزیشن حاصل کی 'لڑکوں میں ہریرہ خان نے دس میں سے دس میچ جیت کر پہلی 'عمیر عارف نے دس میں سے نو میچ جیت کر دوسری 'عبیداللہ نے آٹھ میچ جیت کر تیسری 'ابراہیم زیب نے سات میچ جیت کرچوتھی جبکہ نعمان خان نے چھ میچ جیت کر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

وقت اشاعت : 04/06/2021 - 23:45:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :